• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کلبھوشن کیخلاف 19 فروری کو عالمی عدالت میں ٹھوس ثبوت دینگے، شاہ محمود

مانچسٹر (مانیٹرنگ سیل) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ بھارتی دہشت گرد کلبھوشن نے پاکستان میں تخریب کاری کا اعتراف کیا ہے۔ کلبھوشن کا مقدمہ عالمی عدالت انصاف میں ہے۔ کلبھوشن کے خلاف 19فروری کو ٹھوس ثبوت دیں گے۔ برطانیہ کے دورہ پر مانچسٹر میں موجود وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ برطانیہ کے دورے کا مقصد مسئلہ کشمیر اجاگر کرنا تھا تاہم پاکستان نے برطانوی پارلیمنٹ میں مسئلہ کشمیر پر آواز بلند کی اور برطانوی ارکان پارلیمنٹ نے بھی پاکستانی موقف کی تائیدکی ہے۔ کشمیر میں بین الاقوامی مبصرین اور صحافیوں کو خوش آمدید کہیں گے۔ مسئلہ کشمیر پر سابق حکومت کا رویہ معذرت خواہانہ تھا جب کہ پاکستان بھارت سے مسئلہ کشمیر پر مذاکرات کیلئے ہمیشہ سے تیار ہے۔ پرامن اور ترقی یافتہ افغانستان ہمارے مفاد میں ہے۔ امریکی صدر نے طالبان سے مذاکرات میں پاکستانی کردار کو سراہا ہے۔ ہم افغان مہاجرین کی باعزت طریقے سے واپسی چاہتے ہیں۔ وزیر خارجہ نے مانچسٹر میں پاکستانی کمیونٹی سے خطاب میں کہا کہ انہیں عوام نے موجودہ حکومت کو کرپشن ختم کرنے کا مینڈیٹ دیاہے۔ 70سال کا بگاڑ 6ماہ میں درست کرنا ممکن نہیں تاہم حالات بہتری کی طرف گامزن ہیں،جس کے لیے عوام نے تحریک انصاف کی حکومت پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا ہے۔ بیرون ملک مقیم پاکستانی انتہائی قابل قدر ہیں۔ پاکستان بناؤ سرٹیفکیٹ اوورسیز پاکستانیوں کیلیےسرمایہ کاری کاموقع ہےجب کہ ہماری نئی ویزہ پالیسی سے آمدورفت میں بہتری آئے گی۔

تازہ ترین