برمنگھم (ابرارمغل/نمائندہ جنگ)وزیراعظم پاکستان عمران خان کے ویژن کے مطابق نیا پاکستان سائوتھ ایشین خطے میں امن کی کوششیں جاری رکھے گا۔ عمران خان کا موقف آج درست ثابت ہوا کہ طالبان کا مسئلہ فوجی آپریشن سے نہیں بلکہ مذاکرات سے حل ہوگا۔ آج امریکہ عمران خان کی وجہ سے طالبان سے مذاکرات پر آمادہ ہوا ہے۔ پروپیگنڈا مشینوں کے تمام تر خدشات حرف غلط کی طرح مٹ گئے کہ عمران خان حکومت نہیں چلا سکتا۔ آج عمران خان نے صرف چھ ماہ کے اندر خالی خزانہ اور تباہ معیشت کے ساتھ آغاز کیا اور آج ملک اپنے پیروں پر کھڑا ہوگیا ہے۔ مسلم پڑوسی ممالک نے عمران خان کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کرکے ملک کو مضبوط کیا۔ ان خیالات کااظہار وزیرخارجہ پاکستان مخدوم شاہ محمود قریشی نے پاکستان تحریک انصاف مڈلیڈ کے صدر عابد زمان خٹک کی جانب سے منعقدہ پی ٹی آئی کے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ قاری تنویر اقبال نے تلاوت کلام پاک کی سعادت حاصل کی جب کہ مبشر صدیق، زینب خان نے باری باری نظامت کے فرائض سرانجام دیئے۔اس موقع پر سیکورٹی کے غیرمعمولی انتظامات کئے گئے تھے، اسٹیج کے قریب احاطہ میں صرف رسٹ بینڈWrist Bandوالے افراد کا داخلہ ممکن تھا۔ برطانیہ بھر سے شرکاء جمع تھے اور خواتین حضرات بچے کثیر تعداد میں موجود تھے۔ ایک ہزار نشستیں بھی کم پڑگئی تھیں۔ PTIکے روایتی گیت اسٹیج سے گونج رہے تھے۔ پی ٹی آئی مڈلینڈز پاکستان اور آزاد کشمیر کے اراکین اور رہنمائوں نے بھرپور انتظامات کررکھے تھے۔تقریب میں انیل مسرت، نوتعینات ہائی کمشنر نفیس ذکریا، قونصلر جنرل برمنگھم احمر اسمٰعیل، وائس قونصلر سردار خان خٹک، چوہدری ساجد، ظہیر عباس، چوہدری عبدالغفور کھاڑک، صدر PTIبرمنگھم چوہدری ظہور سرور، چوہدری خادم حسین، راجہ عارف، مرکزی صدرPTIڈاکٹر ریاض خان، جنرل سیکرٹری باسط شاہ، راجہ اشتیاق خان سمیت کثیر تعداد میں رہنمائوں نے خطابات کئے۔ عابد زمان نے کہا کہ آج آپ نے اس جلسہ میں شریک ہوکر میرا سر فخر سے بلند کردیا میں آپ کامشکور رہوں گا۔ وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہم اپنے آپ کو احتساب کیلئے پیش کرتے ہیں۔ اوورسیز کمیونٹی ملک کا قیمتی اثاثہ اور سفیر ہیں۔یہ لوگ سالانہ بائیس ارب زرمبادلہ بھیجتے ہیں، آپ کو ووٹ کا حق دلاناPTIکا منشور تھا جو پورا ہوا۔انہوں نے کہاکہ سائوتھ ایشین ریجن میں امن کے تمام راستے مقبوضہ جموں و کشمیر سے ہوکر آتے ہیں۔ ہم نے کرتار پوربارڈر کھول کر پڑوسی ملک کو مثبت پیغام دیا۔ عمران خان نے کہا تھا کہ امن کیلئے بھارت ایک قدم بڑھائے گا تو ہم دو قدم آگے بڑھیں گے۔ سی پیک سے اس خطے میں بڑی تبدیلیاں رونما ہوں گی اور بے روزگاری کا خاتمہ ہوگا۔ حکومت فوج ملک کی ترقی اور خوشحالی کیلئے ایک صفحہ پر کھڑے ہیں ملک کو کرپشن سے پاک کرکے دم لیں گے آپ عمران خان کا ساتھ دیں۔