اسلام آباد(نمائندہ جنگ) پاکستان مسلم لیگ (ن) کےقائم مقام سیکرٹری جنرل،سابق وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نےخبردار کیا ہے کہ سی پیک کی کوئی ایک اینٹ بھی کسی دوسری جگہ پر نہیں لگائی گئی،تھرڈپارٹی آڈٹ کرایا گیا،حکومت عقل کے ناخن لے اور سی پیک جیسے قومی منصوبے کو متنازع بنانے سےگریز کرے،وزیر موا صلا ت مراد سعید کے الزامات کا جواب دیتےہوئے احسن اقبال نے کہا میں اس حرکت کو موجودہ حکومت کا دیوالیہ پن قرار دیتا ہوں حقیقت یہ ہے کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبوں کی مشترکہ نگرانی پاکستان اور چین کے ماہرین نے کی تھی اس حوالے سےشرانگیز پراپیگنڈے کا مقصد ہمارے دوست ملک کو بھی تنازعہ میں دھکیلنا اورگھسیٹنا ہے،یہ پاکستان اورچین کے درمیان بداعتمادی پیدا کرنے کی مذموم کوشش ہے۔احسن اقبال نے واضح کیا کہ سی پیک کے تمام منصوبوں کی ہم نے حتمی منظوری دینے سے پہلے تھرڈ پارٹی آڈٹ کرایا تھاان منصوبہ جات کی بولیوں کی ایوالوایشن تھرڈ پارٹی سےکرائی گئی اعلیٰ ترین قیادت نےان منصوبہ جات کی نگرانی کی۔