• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان میں سرمایہ کاری کیلئے تارکین وطن کو خصوصی مراعات دے رہے ہیں،شاہ محمود قریشی

مانچسٹر (علامہ عظیم جی) وزیر خارجہ پاکستان مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان کو فلاحی ریاست بنانے کا عزم ہے، اوورسیز پاکستانیوں کیلئے پاکستان میں سرمایہ کاری کیلئے خصوصی مراعات دی جارہی ہیں، ملک آمدورفت کے لئے سہولتیں دی گئی ہیں، وزیرخارجہ نے مانچسٹر میں پریس کانفرنس اور استقبالیہ کے موقع پر خطاب میں کیا۔پی ٹی آئی حکومت صحت، تعلیم اور ٹورازم کے شعبوں میں انقلابی اصلاحات و ترقی کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان میں امن کے لئے بھرپور مدد کررہے ہیں، افغان صدر کی طرف سے دیئے گئے بیان پر انہیں پاکستان کی امداد مہربانیوں اور لاکھوں افغانستان کے باشندوں کو کئی دہائیوں سے پناہ دے رکھی ہے اور ان کی باعزت وطن واپسی کیلئے ہرممکن تعاون کررہے ہیں۔ وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ مسئلہ کشمیر پر ہماری حکومت کا موقف دلیرانہ اور کشمیریوں کی توقعات کے مطابق ہے۔ انہوں نے کہا کہ سابقہ حکومتوں کا مسئلہ کشمیر پر موقف معذرت خواہانہ رہا ہے جب کہ ہماری حکومت کھل کر کشمیریوں کے حق خودارادیت کے لئے آواز بلند کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر پر تین فریق ہیں جن میں پاک ہند اور کشمیری ہیں انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کی رائے کو اہمیت ہے کیونکہ کشمیری قربانیاں دے رہے ہیں، ان کا خون بہہ رہا ہے، ان پر ہی بھارت ظلم کا بازار گرم کرچکا ہے، اس لئے مسئلہ کشمیر میں کشمیری فریق سب سے اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس الہ دین کا چراغ تو نہیں ہے کہ چھ مہینے میں 40سال کی حکومتوں کی خرابیاں دور کردیں تاہم ہم نے اصلاحات شروع کررکھی ہیں۔ ہماری حکومت کو پی آئی اے، سٹیل ملز، ریلویز سب خسارے میں ملے تھے جنیہں فعال کیا۔ دریں اثناء مانچسٹر میں کمیونٹی کے بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے وزیرخارجہ پاکستان شاہ محمود قریشی نے کہا کہ مشکل حالات میں اوورسیز پاکستانیوں نے پاکستان کی وہ خدمت کی ہے جس کا احاطہ الفاظ سے نہیں کیا جاسکتا، یہ پاکستان کا سرمایہ ہیں جو نامساعد حالات میں پاکستان کی ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت سے پاکستان کے کام آتے ہیں۔ اوورسیز پاکستانیوں کی ان خدمات کو پوری قوم قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے، وزیراعظم عمران خان نے مشکل ترین حالات کے باوجود قوم کو نیا ویژن دیا۔ انہوں نے کہا کہ شوکت خانم کینسر ہسپتال اور نمل یونیورسٹی کے قیام میں بھی تارکین وطن نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا دوسری طرف وزیراعظم عمران خان کا دل بھی اوورسیز پاکستانیوں کے ساتھ دھڑکتا ہے اور جو تبدیلی کا پودا انہوں نے لگایا تھا تناور درخت کی شکل اختیار کر جائے گا ہم موٹروے پل اور گلیاں بنانے کی بجائے ملکی معیشت کو مضبوط بنانے اور عوام پر خرچ کرنے پر توجہ دے رہے ہیں تو دوسری طرف ہم سیاست میں تعلیم یافتہ لوگوں کو آگے لانا چاہتے ہیں کیونکہ ان تعلیم یافتہ لوگوں کو اگر پاکستان میں مواقع ملیں تو وہ پاکستان سے باہر جانے سے گریز ہیں کیونکہ یہی تعلیم یافتہ طبقہ پاکستان کا دل اور دماغ ہے انہوں نے کہا کہ کرپشن اور بیروزگاری ان سیاستدانوں کی وجہ سے ہے جنہوں نے ملک کو دونوں ہاتھوں سے لوٹا اب وزیراعظم عمران خان ملک سے موروثی سیاست کا خاتمہ کرنا چاہتے ہیں، تارکین وطن کی بڑی تعداد تحریک انصاف کی سپورٹر ہے اور ان کے ساتھ مل کر پاکستان کی بہتری اور قوم کی فلاح و بہبود کیلئے اقدامات کریں گے انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف جب اقتدار میں آئی تو خزانے خالی تھے 72سال کی تاریخ میں پاکستان قرضوں کی مد میں سود ادا کرنے پر مجبور ہے غیرملکی سرمایہ کاری میں کمی ہے ماضی میں ہماری فارن پالیسی کمزور ہونے کے باعث مسئلہ کشمیر کا موقف بین الاقوامی سطح پر پیش نہیں کیا گیا انہوں نے کہا کہ امریکہ کی دونوں پارٹیاں کانگریس اور ڈیموکریٹ دونوں پاکستان سے خوش نہیں ہیں، یو اے ای، سعودی عرب اور دوسرے عرب ممالک سب پاکستان پر انگلی اٹھا رہے ہیں انہوں نے کہا کہ نئے اور پرانے پاکستان کی جنگ جاری ہے ہم لوٹی ہوئی دولت کو واپس لاکر ملکی معیشت کو مستحکم اور قوم کو خوشحال بنائیں گے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انیل مسرت، افتخار، نگہت اعوان، صاحبزادہ جہانگیر، عامر آفتاب قونصل جنرل پاکستان نفیس ذکریا و دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان نے نئے پاکستان کی بنیاد رکھ دی گئی ہے ملک اب محفوظ ہاتھوں میں ہے پاکستان تحریک انصاف نے تارکین وطن کو ان کا کھویا ہوا مقام لوٹادیا ہے اس کے برعکس ماضی میں جتنی حکومتیں برسراقتدار آئیں انہوں نے اوورسیز پاکستانیوں کو نظرانداز کیا 23سال قبل قائم ہونے والی سیاسی جماعت آج اقتدار میں ہے تو اس کے پیچھے طویل جدوجہد شامل ہے پاکستان کے وزیرخارجہ پاکستان شاہ محمود قریشی نے اقوام متحدہ میں پاکستان کی بھرپور اور موثر نمائندگی کا حق ادا کیا ہے۔ تارکین وطن زرمبادلہ بھیج کر ملکی معیشت کو مستحکم بنانے کیلئے مضبوط کردار ادا کررہے ہیں اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق مل گیا مگر ہمیں اسمبلی میں بھی شناخت دی جائے برطانیہ میں مقیم تارکین وطن ہر شعبہ ہائے زندگی سمیت پارلیمنٹ میں بھی نمایاں کردار ادا کررہے ہیں اوورسیز پاکستانیوں کا نمایاں مقام پر پہنچنا ان کی انتھک محنت اور خدا داد صلاحیتوں کا ںنتیجہ ہے۔

تازہ ترین