لاہور (نمائندہ جنگ) احتساب عدالت لاہور نے سابق وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف کے خلاف گیپکو میں 437 غیر قانونی بھرتیوں کیس میں نیب کے تفتیشی صلاح الدین پر جزوی جرح مکمل کر لی ۔ احتساب عدالت کے جج نجم الحسن نے کیس پر مزید سماعت 16فروری تک ملتوی کردی جبکہ عدالت نے بیانات قلمبند کرنے کے لئے گواہان کو طلب کر لیا۔نیب نے گیپکو میں غیر قانونی بھرتیوں کےکرپشن ریفرنس میں راجہ پرویزاشرف سمیت 8 ملزمان کو نامزدکررکھاہے ۔سابق وزیراعظم کیخلاف احتساب عدالت میں 2016 ءمیں ریفرنس دائر کیا گیا تھا۔دوسری طرف احتساب عدالت لاہور نے اسپیکر پنجاب اسمبلی پرویز الٰہی اور چوہدری شجاعت حسین کیخلاف انکوائریز بند کرنے کیلئے دائر ریفرنس پر سماعت 2مارچ تک ملتوی کر دی ۔ نیب کی طرف سے دائر ریفرنس میں کہا گیا ہے کہ چوہدری پرویز الٰہی اور چوہدری شجاعت حسین کیخلاف ایل ڈی اے سٹی میں پلاٹس کا کیس چل رہا تھا۔پرویز الٰہی پر ایل ڈی اے سٹی میں 28 پلاٹس کے غیر قانونی فروخت کی تحقیقات چل رہی تھیں جبکہ چوہدری شجاعت حسین سے بھی ان 28 پلاٹس سے متعلق تحقیقات کی گئیں۔ تحقیقات کے دوران معلوم ہوا کہ یہ پلاٹس چوہدری برادران کے ملازم نے خریدے۔متعلقہ حکام نے انکوائری بند کرنے کی منظوری دیدی ہے۔ احتساب عدالت میں نیب کی طرف سے 9سی کی درخواست کی حتمی منظوری کیلئے سماعت بغیر کارروائی کے 2 مارچ تک ملتوی کردی۔