اسلام آباد(نمائندہ جنگ)سابق اپوزیشن لیڈر سید خورشید احمد شاہ نے کہا ہے کہ حکومت جان بوجھ کر پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے تاثر کو خراب کررہی ہے اور پی اے سی نے گزشتہ دس سال میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا لیکن یہ پہلی بار ہے کہ حکومت پی اے سی جیسے فورم کو متنازع اور سیاسی بنا رہی ہے، نیب کی کارکردگی پر تالیاں بجانے والے ایک گرفتاری پر کہہ رہے ہیں نیب کاروباری طبقے کو تنگ کررہا ہے۔ میڈیا سے گفتگو میں خورشید شاہ نے کہا کہ تحریک انصاف نے بطور اپوزیشن اور اب حکومت میں اداروں کو تباہ کیا لیکن ہم ذمہ دار اپوزیشن کے طور پر پبلک اکاؤنٹس کمیٹی جیسے ادارے کے کام اور احترام پر حرف نہیں آنے دیں گے ۔ تحریک انصاف کی حکومت اب نیب کی کارکردگی پر انگلیاں اٹھا رہی ہے اور یہ تحریک انصاف کا ایک نیا یو ٹرن ہے۔انہوں نے کہا کہ سب کچھ لٹا کے ہوش میں آنے کی حکومتی روش سے ثابت ہوتا ہے کہ حکومت سیاست اور حکمرانی کےمیدان میں اناڑی ہے۔ نیب کی کارکردگی پر ہمیشہ تالیاں بجانے والے صرف ایک گرفتاری پر بوکھلا گئے ہیں اور یہ کہنے پر مجبور ہیں کہ نیب کاروباری طبقے کو تنگ کررہا ہے۔ قوم دیکھ رہی ہے کہ اس حکومت کے ہوائی قلعوں اور سبز باغوں کا پاکستان میں کوئی وجود نہیں ہے۔ معاشی بہتری کا کوئی منصوبہ نہ اس پر عمل درآمد کی صلاحیت ہے۔