سکھر (بیورو رپورٹ) پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما سید خورشید احمد شاہ نے کہا ہے کہ معاشی معاملات سے توجہ ہٹانے کیلئے حکومت شوشے چھوڑ رہی ہے،پبلک اکائونٹس کمیٹی کے استحکام کی جدوجہد کسی شخصیت کیلئے نہیں، کس بد بخت نے این آر او مانگا ہے، نام تو لیا جائے، کون آیا تھا این آر او مانگنے، ہم اس گندی مچھلی کو باہر نکالیں، نہ ان سے کوئی ڈیل مانگ رہا ہے اور نہ ڈھیل مانگ رہا ہے، ڈیل بھی وہ کرکے آئے ہیں اور ڈھیل بھی انکی ہے، عمران خان خود کو عقل کل سمجھتے ہیں، شرم آنی چاہیے کہ جس پارلیمنٹ پر وہ لعنت بھیجتے تھے اسی پارلیمنٹ سے وہ وزیر اعظم منتخب ہوئے تو پھر وزیر اعظم پر بھی لعنت بھیج کر گھر چلے جائیں، حکومت نے چھ ماہ میں کچھ نہیں کیا، اسلئے شہباز شریف کو ہٹانے کی بات کررہے ہیں، مگر انہیں ہٹانا بہت مشکل ہے۔وہ سکھر پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔خورشید شاہ نے کہا کہ اتنے مختصر عرصے میں کسی بھی حکومت نے اتنا قرضہ نہیں لیا جتنا قرضہ یہ لینے جارہے ہیں۔ 7 ارب ڈالر کا قرضہ لیکر معیشت کی بہتری کی بات کس منہ سے کی جاسکتی ہے۔