پی ایس ایل فور کے چوتھے میچ میں ملتان سلطانز نے دفاعی چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی۔
ملتان سلطانز کے علی شفیق کو بہترین بولنگ پر مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔
اسلام آباد یونائیٹڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے ملتان سلطانز کو 126 رنز کا ہدف دیا جو اُس نے 19 ویں اوور میں 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔
جانسن چارلس بغیر کوئی رن بنائے وقاص مقصود کی گیند پر وکٹ کیپر رونکی کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔
دوسرے آؤٹ ہونے والے بیٹسمین شان مسعود تھے جو 26 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، ابھی اسکور میں صرف تین رنز ہی اضافہ ہوا تھا کہ 43 کے مجموعی اسکور پر ایونس 15 رنز بناکر شاداب خان کو وکٹ دے بیٹھے۔
حماد اعظم بھی لمبی اننگز نہ کھیل سکے اور صرف 14رنز بناکر شاداب خان کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔
آندرے رسل نے دھواں دار بیٹنگ کی اور 7 گیندوں پر 16رنز بنائے لیکن وہ زیادہ دیر وکٹ پر نہ رک پائے اور سمیع کی گیند پر کلین بولڈ ہوگئے۔
شعیب ملک اور شاہد آفریدی نے مزید کوئی وکٹ گنوائے مطلوبہ ہدف پورا کرکے ٹیم کو فتح دلائی، شعیب ملک 31 اور شاہد آفریدی 16رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔
پاکستان سپر لیگ فور کے چوتھے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے ملتان سلطانز کو جیت کے لئے126رنز کا ہدف دیا ہے۔
پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے اسلام آباد یونائیٹڈ نے مقررہ 20 اوور میں7 وکٹوں کے نقصان پر126 رنز بنائے۔ رونکی 51رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کی اننگز کا آغاز زیادہ اچھا نہ رہا اور 25 رنز پر رضوان حسین 4 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے، اگلے ہی اوور میں ڈیلپورٹ بغیر کوئی رن بنائے علی شفیق کی گیند پر محمد عرفان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔
رونکی اور حسین طلعت نے کسی حد تک مزاحمت دکھائی اور اسکور 61 تک پہنچایا، تاہم اس موقع پر رونکی 51 رنز کی اننگز کھیل کر شاداب خان کو وکٹ دے بیھٹے، رونکی کی اننگز میں پانچ چھکے اور ایک چوکا شامل تھا۔
سالٹ کو شاہد آفریدی نے 4رنز پر کلین بولڈ کیا جبکہ آصف علی دو رنز پر جنید خان کا شکار بنے۔
شاداب خان کو 15 رنز پر علی شفیق نے کلین بولڈ کیا۔
فہیم اشرف اور سمیت پٹیل نے 20،20 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔
ملتان سلطانز کے علی شفیق، شاہد افریدی اور جنید خان نے دو، دو جبکہ محمد عرفان نے ایک وکٹ حاصل کی۔
پاکستان سپر لیگ کے چوتھے میچ میں ملتان سلطانز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا ہے۔
اسلام آباد یونائیٹڈ نے ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی جبکہ ملتان سلطانز نے موریس اور الیاس کی جگہ علی شفیق اور جانسن چارلس کو آج کے میچ میں موقع دیا ہے۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم لیوک رونکی، رضوان حسین، کیمرون ڈیل پورٹ، فلپ سالٹ، حسین طلعت، آصف علی، فہیم اشرف،شاداب خان، سمیت پاٹیل، محمد سمیع اور وقاص مقصود پر مشتمل ہے۔
ملتان سلطانز کی ٹیم میں شان مسعود، جانسن چارلس، لاری ایونس، شعیب ملک، آندرے رسل، شاہد آفریدی، کرس گرین، علی شفیق، جنیدخان اور محمد عرفان شامل ہیں۔
ایک ایک میچ کھیلنے کے بعد پوائنٹس ٹیبل پر اسلام آباد یونائیٹڈ ، کراچی کنگز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرزکےدو، دو پوائنٹس ہیں جبکہ پشاور زلمی، لاہور قلندرز اور ملتانز نے ابھی تک کوئی پوائنٹ حاصل نہیں کیا۔
آج ایونٹ کے دوسرے میچ میں کراچی کنگز کا مقابلہ لاہور قلندرز سے ہوگا۔