• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پلوامہ حملہ بھارت کی چال ہے، تحقیقات کی جائے، صوفی یٰسین

ہائی ویکمب (انعام اللہ خان) کشمیر فریڈم موومنٹ یوکے، کے مرکزی رہنما صوفی محمد یٰسین نے پلوامہ میں ہونے والے فدائی حملہ جس میں بھارتی ریزرو پولیس فورس کے چالیس سے زائد جوان مارے گئے تھے کہ واقعہ کو بھارتی حکومت اور بھارتی خفیہ ایجنسیوں کی چال قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا کہ اس واقعہ کی آزادانہ تحقیقات کی جائے کیونکہ کشمیر کی آزادی پسند تحریکیں نہ تو ایسے اقدامات پر یقین رکھتی ہیں اور نہ ہی ان کے پاس ایسا فدائی حملہ کرنے کی صلاحیت ہے۔ قرائن سے معلوم ہوتا ہے کہ ہندو انتہا پسندانہ سوچ نے ایسا واقعہ کرواکر پاکستان پر جنگ مسلط کرنے کے ساتھ بین الاقوامی سطح پر کشمیریوں کی جائز قانونی اور اقوام متحدہ کے فورم پر موجودہ ایک تسلیم شدہ قبضہ کو دہشت گردی کا رنگ دے کر بدنام کرنے کی مذموم سازش کی ہے جو کبھی کامیاب نہ ہوگی۔ صوفی محمد یٰسین نے کہا کہ وہ مقبوضہ کشمیر اپنی جماعت کشمیر فریڈم موومنٹ کے مرکزی رہنمائوں سرتاج عزیز اور کارگل سے اَپ ڈیٹ لے رہے ہیں جنہوں نے صوفی محمد یٰسین کو بتایا کہ پلوامہ واقعہ کے بعد جموں اور دیگر اضلاع میں ہندوئوں نے مسلمانوں کی املاک، دکانوں، گھروں اور گاڑیوں کو بڑی تعداد میں جلایا اور بند کیا تاکہ مسلمانوں کو خوف کا شکار کرکے تحریک کشمیر سے غیر وابستہ کیا جائے اور ضلعی انتظامیہ بالکل خاموشی سے ایسا ہونے دے رہی ہے جوکہ انتہائی خطرناک بات ہے۔ صوفی محمد یٰسین نے کہا کہ بھارت کے الیکشن جیتنے کے لیے بھی مودی کو کوئی ایسا واقعہ چاہیے تھا تاکہ بی جے پی الیکشن جیت سکے ورنہ آٹھ لاکھ بھارتی فوج کا کشمیر میں موجود ہونا، کنٹرول لائن پر لاکھوں کی تعداد میں بھارتی فوج کی موجودگی جو دنیا بھر میں سب سے بڑی فوجی موجودگی ہے، میں اتنا بڑا سیکورٹی جھول ملی بھگت کے بغیرنہیں ہوسکتا۔ بھارت کی افواج مقبوضہ کشمیر کی ہر سڑک، ہر گلی میں موجود ہے اور نام نہاد آپریشن کرکے آزادی پسندوں کو قتل کررہی ہے۔ ایسے حالات میں اتنے بڑے فوجی قافلہ کو ٹارگٹ کرنے کی کوئی کیسے پلاننگ یا جرأت کرسکتا ہے۔ صوفی محمد یٰسین نے کہا کہ یہ وہ سوالات ہیں جس کو بھارت کی حکومت کو جلد یا بدیر جواب دینا ہوگا ۔
تازہ ترین