• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان سپر لیگ سیزن فور کے نویں میچ میں پشاور زلمی نے کراچی کنگز کو 44 رنز سے شکست دے دی، ہدف کے تعاقب میں کراچی کنگز 109رنز تک محدود رہی۔

کراچی کی جانب سے محمد رضوان 32، کپتان عماد وسیم 26 جبکہ انگرم21 رنز بنا کر نمایاں رہے۔

پشاور زلمی کی جانب سے حسن علی نے کراچی کنگز کے 4 شکار کیے جبکہ امام الحق کو مین آف دی میچ کے ایوارڈ سے نوازہ گیا۔

میچ میں پشاور زلمی نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوور میں کراچی کنگز کو جیتنے کے لئے 154 رنز کا ہدف دیا تھا۔

پشاور زلمی کی جانب سے امام الحق 56 ، ڈاؤسن 43 جبکہ پشاور کے کپتان ڈرین سیمی 24 رنز بنا کر نمایاں رہے۔


کراچی کنگز کی جانب سےعثمان شنواری اور سکندر رضان نے دو، دو جبکہ محمد عام، عامر یامین اور عماد وسیم نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

واضح رہے کہ پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پشاور زلمی کو دوسرے ہی اوور میں اُس وقت پہلا نقصان ہوا تھا، کامران اکمل بغیر کھاتہ کھولے عامر یامین کی گیند پر کلین بولڈ ہوئے تھا، اس وقت ٹیم کا اسکور صرف تین رنز تھا۔

پہلی وکٹ جلد گرنے کے بعد امام الحق اور عمر امین نے اعتماد کے ساتھ پشاور زلمی کے بولرز کا سامنا کیا اور جب اسکور 47 ہوا تو عمر امین 15 رنز بناکر امام الحق کا ساتھ چھوڑ گئے، اُنہیں سکندر رضا نے اسٹمپ آؤٹ کرایا۔دونوں بیٹسمینوں نے دوسری وکٹ کی شراکت میں 44رنز بنائے تھے۔

اسی اوور میں سکندر رضا نے میڈسین کو صفر پر کلین بولڈ کرکے پشاور زلمی کو بیک فٹ پر دھکیل دیا تھا۔

اگلے ہی اوور میں نئے آنے والے بیٹسمین کائرون پولارڈ کو عماد وسیم نے صفر پر کلین بولڈ کردیا۔اس طرح صرف 48رنز پر چار ٹاپ آرڈر بیٹسمین پویلین لوٹ گئے تھے۔

امام الحق نے دوسرے اینڈ پر زلمی کے بولرز کیخلاف بھرپور مزاحمت دکھائی اور برق رفتاری کے ساتھ اسکور میں اضافہ کیا، ڈاؤسن نے بھی اُن کا بھرپور ساتھ دیا اور 76 رنز کی شراکت بنائی۔

ڈاؤسن 33 گیندوں پر 43 رنز کی دھواں دار اننگز کھیل عثمان شنواری کا شکار بنےجبکہ شنواری نے اپنے اسی اوور میں امام الحق کو 56 رنز پر کلین بولڈ کیا تھا۔

وہاب ریاض محمد عامر کی گیند کو گراؤنڈ سے باہر پھینکنے کی کوشش میں کیچ آؤٹ ہوئے جبکہ حسن علی صرف 2 کے اسکور پر غیرضروری رن لینے کی کوشش میں وکٹ گنوا بیٹھے۔

ڈیرن سیمی نے میچ کی آخری گیند پر چھکا لگا کر ٹیم کا اسکور 153 تک پہنچایا، وہ صرف 10 گیندوں پر 24 رنز کی اننگز کھیل کر ناٹ آؤٹ رہے۔

تازہ ترین