کراچی (جنگ نیوز) سابق وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کا کہنا ہے کہ نوازشریف صرف اپوزیشن میں ہوتے ہوئے سویلین بالا دستی چاہتے ہیں اور اُنہیں اپوزیشن میں ایسی باتیں اچھی لگتی ہیں لیکن جب وہ اقتدار میں ہوتے ہیں تو سویلین بالادستی کیلئے کوئی قدم نہیں اُٹھاتے۔ اِن خیالات کا اظہار اُنہوں نے ”جیونیوز“ کے پروگرام ”جیوپارلیمنٹ“ میں میزبان ارشد وحید چوہدری کے ساتھ خصوصی گفتگو کے دوران کیا۔سابق وفاقی وزیر داخلہ کا خصوصی انٹرویو ناظرین اتوار کی شام 5 بجکر5 منٹ پر دیکھ سکیں گے۔ چوہدری نثار کا پروگرام میں مزید کہنا تھا کہ میں بھارت کی طرف سے کلبھوشن کیس میں نوازشریف کے بیان کو بطور ثبوت پیش کرنے پر خوش نہیں ہوں۔ نوازشریف کو سمجھاتا رہا کہ بھارت کے ساتھ امن کے حوالے سے آپ کے بیانات بھلے نیک نیتی پر مبنی ہوں لیکن یہ پاکستان کے خلاف استعمال ہوں گے اور آج وہی ہورہا ہے۔