• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سپر لیگ،پولارڈ کے تین مسلسل چھکے،پشاور زلمی سرخرو

دبئی(عبدالماجد بھٹی/ نمائندہ خصوصی) پشاور زلمی کے کیرون پولارڈ نے18ویں اوورمیں ڈین کرسچین کو تین گیندوں پر تین چھکے مار کر ملتان سلطانز کو پاکستان سپر لیگ میں پانچویں ہار سے دوچار کردیا۔ پشاور زلمی نے میچ سات وکٹ سے جیت لیا۔ فیصلہ چار گیندیں پہلے ہوا۔ پولارڈ نے عمر امین کے ساتھ چوتھے وکٹ پر91رنز 54گیندوں پر بنائے ۔ پشاور زلمی نے بہتر رن ریٹ پر پہلی پوزیشن حاصل کرلی ہے۔ پولارڈ نے27گیندوں پر52ناٹ آئوٹ رنز بنائے جس میں پانچ چھکے اور ایک چوکا شامل تھا۔ انہیں مین آف دی میچ ایوارڈ دیا گیا۔ پولارڈ کا کہنا ہے کہ مجھے اس طرح کی بیٹنگ کی عادت پڑ گئی ہے۔ عمر امین نے37 گیندوں پر سات چوکوں لگاکر54 ناٹ آئوٹ رنز بنائے۔ زلمی نے 173 رنز کا ہدف تین وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ شعیب ملک کی قیادت میں ملتان کی ٹیم بولنگ لائن بری طرح ناکام ہوئی ہے ۔ پشاور زلمی کے کامران اکمل محمد الیاس کی گیند پر ٹورنامنٹ میں تیسری بار بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔ فلیچر 24رنز بنا سکے۔ ٹورنامنٹ میں دو مسلسل نصف سنچریاں بنانے والے امام الحق39 رنز بنا کر شاہد آفریدی کی گیند پر اسٹمپڈ ہو گئے۔ امام نے34گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے ایک چھکا اور دو چوکے مارے۔ پشاور نے ٹاس جیت کر پہلے ملتان کو کھیلنے کی دعوت دی تھی۔ جس نے پانچ وکٹ پر 172 رنز بنائے ۔ جانسن چارلس نے57 رنز 31گیندوں پر 8چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے بنائے ۔ کپتان شعیب ملک نے21گیندوں پر 28رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ شاہد آفریدی ایک رن اور جیمز ونس 41 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے ۔ انہوں نے38گیندیں کھیلیں اور دو چھکے اور دو چوکے مارے۔ عمر صدیق 18 رنز بناسکے۔ حسن علی نے42رنز کے عوض ایک وکٹ حاصل کئے۔ ڈاوسن اور عمید آصف نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
تازہ ترین