• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جسٹس ایوب پر قاتلانہ حملے کے ملزمان کو فوری گرفتار کیا جائے، کوئٹہ بار ایسوسی ایشن

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر) کوئٹہ بار ایسوسی ایشن کے رہنماوں نے پشاور ہائی کورٹ کے جج جسٹس ایوب پر قاتلانہ حملے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے واقعے میں ملوث ملزمان کی فوری گرفتاری کا مطالبہ اور واقعے کیخلاف آج یوم سیاہ منانے کا اعلان کیا ہے ، اس بات کا اعلان کوئٹہ بار ایسوسی ایشن کے صدر قاری رحمت اللہ ایڈووکیٹ ، جنرل سیکریٹری نجم الدین مینگل ایڈووکیٹ ، سید کمال شاہ ایڈووکیٹ ، جہانزیب کاکڑ ایڈووکیٹ ، مسعود ترین، ایڈووکیٹ ، بنگل مری ایڈووکیٹ و دیگر نے جمعرات کو کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ، انہوں نے کہا کہ پشاور میں جج پر حملہ انصاف کی راہ میں رکاوٹیں حائل کرنے کی کوشش ہے جس کی بھرپور مذمت کرتے ہیں ، انہوں نے کہا کہ واقعہ کیخلاف آج بلوچستان بھر میں یوم سیاہ منایا جائے گا اور بار رومز میں مذمتی قرارداد بھی منظور کی جائے گی ، جبکہ بار کا مذمتی اجلاس بھی طلب کرلیا گیا ہے جس میں آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا ، اس موقع پر انہوں نے کہا کہ انڈیا کی طرف سے ایل او سی کی خلاف ورزی تشویشناک ہے ، پاک فوج نے بھرپور جوابی کاروائی کرکے ملک کا بھرپور دفاع کیا ہے ، اس صورتحال میں بلوچستان کے وکلاء افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں ، انڈیا پاکستان کو کمزور نہ سمجھے ، ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ پشاور میں جج پر حملہ انصاف پر حملہ ہے ، انہوں نے کوئٹہ میں کچہری کے سامنے پیش آنے والے واقعے پرتشویش کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ بہتر سیکورٹی انتظامات نہ ہونے کے باعث واقعہ پیش آیا ، امید ہے کہ جن پولیس اہلکاروں نے اپنی ذمہ داری بہتر طریقے سے پوری نہیں کی ان کیخلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی ۔
تازہ ترین