پاکستان سپر لیگ سیزن فور کے 21ویں میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے پشاور زلمی کو جیت کے لئے 177 رنز کا ہدف دیا ہے۔
پشاور زلمی کا ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ درست ثابت ہوا اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے اوپنر لیوک رونکی کو 9 کے مجموعی اسکور پر ابتسام شیخ نے پویلین کی راہ دکھائی۔
نئے بیٹسمین فلپ سالٹ نے ڈیلپورٹ کے ساتھ مل کر دوسری وکٹ کی شراکت میں 46 رنز جوڑے اور اسکور 55 تک پہنچایا، اس موقع پر سالٹ پانچ چوکوں کی مدد سے 28 رنز بناکر آوٓٹ ہوگئے، اُنہیں فلیچر نے باؤنڈری لائن پر شاندار کیچ لے کر پویلین واپس بھیجا۔
والٹن اور ڈیلپورٹ نے تیسری وکٹ کی شراکت میں 73 رنز جوڑ کر ٹیم کی پوزیشن مستحکم کی، والٹن 22 رنز بناکر ڈیلپورٹ کا ساتھ چھوڑ گئے۔
ڈیلپورٹ 71 رنز کی دھواں دار اننگز کھیل کر حسن علی کا شکار بنے جبکہ آصف علی نے 23 رنز بنائے۔
باقی آنے والے بیٹسمین لمبی اننگز نہ کھیل سکے اور پوری ٹیم 20 اوورز میں 176رنز بناکر آؤٹ ہوگئی، اسلام آباد کے چھ بیٹسمین ڈبل فیگر میں اسکور نہ کرسکے۔
پشاور زلمی کے حسن علی، ابتسام شیخ اور وہاب ریاض نے دو، دو جبکہ عمید آصف نے ایک وکٹ حاصل کی۔
پشاور زلمی کی ٹاس جیت کر فیلڈنگ
پاکستان سپر لیگ سیزن فور کے 21 ویں میچ میں پشاور زلمی نے اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا ہے۔
اسلام آباد کے کپتان محمد سمیع فٹ ہوگئے ہیں اور آج کے میچ ٹیم کی قیادت کررہے ہیں۔
دوسری جانب پشاور زلمی نے ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی۔
پشاور زلمی کی ٹیم میں آندرے فلیچر، امام الحق، عمر امین، کامران اکمل، لیام ڈاؤسن، کائرون پولارڈ، ڈیرن سیمی، وہاب ریاض، حسن علی، عمید آصف اور ابتسام شیخ شامل ہیں۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم لیوک رونکی، چیڈوک والٹن، ناصر نواز، کیمرون ڈیلپورٹ، فلپ سالٹ، آصف علی، شاداب خان، ظفر گوہر، فہیم اشرف، محمد سمیع اور رمان رئیس پر مشتمل ہے۔
پشاور زلمی چھ میچ کھیل کرآٹھ پوائنٹس کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر سرفہرست ہے جبکہ اسلام آباد یونائیٹڈ کے بھی آٹھ پوائنٹس ہیں لیکن وہ 7 میچ کھیل چکی ہے، یوں وہ دوسرے نمبر پر ہے۔