• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مولانا مسعود اظہر شدید علیل ہیں ،بھارت کے پاس اُن کے خلاف ثبوت ہیں تو فراہم کرے، شاہ محمود قریشی

اسلام آباد(نمائندہ جنگ)وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بھارت کے پاس اگر مسعود اظہر کے خلاف ثبوت ہیں تو فراہم کرے۔ یہ ثبوت پاکستانی عدالتوں میں پیش کئے جائیں گے اور عدالتیں ہی اس پر فیصلہ کریں گی۔اُن کا کہنا تھا کہ جیش محمد کے سربراہ مولانا مسعود اظہر پاکستان میں ہیں اور شدید علیل ہیں۔ دستیاب معلومات کے مطابق وہ اتنے بیمار ہیں کہ گھر سے باہر بھی نہیں نکل سکتے۔ ایک انٹرویو میں انہوں نے بتایا کہ ہم ایسے اقدامات کے لیے تیار ہیں جس سے دونوں ملکوں کے درمیان جاری کشیدگی ختم کی جا سکے۔جیش محمد کے سربراہ مولانا مسعوداظہر کا نام عالمی دہشت گردوں کی فہرست میں ڈلوانے کی بھارتی کوششوں کے سوال پر پاکستانی وزیر خارجہ نے کہا کہ بھارت کے پاس اگر ٹھوس شواہد ہیں تو ہمیں دیں ہم خود ان کا جائزہ لیں گے۔مولانا مسعود اظہر کو گرفتار نہ کرنے کے سوال پر اُن کا کہنا تھا کہ بھارت ان کے خلاف ایسے ٹھوس ثبوت دے جو پاکستان کی آزاد عدالتوں کو قابل قبول ہوں اور ہم عوام کو بھی قائل کرسکیں کہ فلاں آدمی کے خلاف یہ ثبوت ہے اور ہم کاروائی کر رہے ہیں۔واضح رہے کہ جیشِ محمد پہلے ہی سے اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کے ان گروپس میں شامل ہے جن پر پابندی عائد ہے، تاہم مسعود اظہر کا نام بلیک لسٹ میں شامل نہیں ہے۔
تازہ ترین