اسلام آباد(مانیٹرنگ سیل ) وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ مودی سرکار نے وہ کام کردیا ہے جو کوئی حکومت نہیں کرسکی تھی‘ مودی کی پالیسیوں نے مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگرکردیا ہے‘بھارت کے اندرسے بھی جنگ کے خلاف آوازیں اٹھ رہی ہیں۔جیو نیوز کی خصوصی ٹرانسمیشن ’جنگ نہیں امن‘ میں گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ، یورپی یونین، امریکا، برطانیہ، روس، چین اور ترکی سب گفت و شنید اور کشیدگی میں کمی چاہتے ہیں، اس وجہ سے پاکستان اور بھار ت کے معاملات میں عالمی برادری کود پڑی ہے ، پاکستان امن کا راستہ چاہتا ہے‘بھارت کے لوگ بھی سمجھ چکے کہ صرف ایک چھوٹا طبقہ سیاست کے لیئے قوم کا مستقبل گروی رکھنا چاہتا ہے۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ سعودی وزیر مملکت برائے خارجہ نے کہا تھا کہ وہ پہلے نئی دہلی جائیں گے اور پھر پاکستان آئیں گے لیکن اب اطلاعات آرہی ہیں کہ ان کا دورہ تاخیر کا شکار ہوگیا ہے ۔