خیبرپختونخوا میں دہشت گردی، آتشزدگی اور حادثات میں جھلس جانے والوں کے لیے جدید سہولیات سے آراستہ برن سینٹر قائم کردیا گیا ہے۔
پشاور کے علاقے حیات آباد میں آخر کار جھلسے ہوئے مریضوں کے علاج کے لیے قائم برن سینٹرنے کام شروع کردیا ہے۔ برن سینٹر میں انتہائی جدید آلات اور مشینری نصب کی گئی ہے۔ ماہرین صحت نے پشاور سینٹر کو پورے ملک میں سب سے جدید مرکز قرار دیا ہے۔
پشاور برن سینٹر 120 بستروں پر مشتمل ہے جبکہ 8 بستروں پر مشتمل ایک الگ انتہائی نگہداشت یونٹ بھی بنایا گیا ہے۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اس مرکز میں کٹے ہوئے ہونٹوں کے ساتھ پیدا ہونے والے بچوں کا علاج اور پلاسٹک سرجری کی سہولت بھی میسر ہے۔
پشاور برن سینٹر سے نہ صرف خیبرپختونخوا اور فاٹا بلکہ افغانستان سے لائے جانے والے مریض بھی استفادہ کرسکیں گے۔ 300 سے زیادہ تربیت یافتہ افراد پرمشتمل اسٹاف سینٹر میں ہر وقت موجود رہتا ہے۔
انتہائی جدید سہولیات سےآراستہ اس برن سنیٹر میں جھلسے ہوئے مریضوں کاہر قسم کا علاج ممکن ہوسکے گا اور اس خطے کے لوگوں کو علاج کے لیےکہیں اور جانے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔