پاکستان سپر لیگ سیزن فور کے 25 ویں میچ میں لاہور قلندرز نے پشاور زلمی کو 125 رنز کا ہدف دیا ہے۔
پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے لاہور قلندرز کے اوپنرز فخرزمان اور ڈیو سیچ اچھا آغاز نہ دے سکے اور صرف 12رنز پر ڈیوسیچ ملز کی گیند پر پولارڈ کو کیچ دے بیٹھے۔
مجموعی اسکور میں صرف چھ رنز کے اضافے پر دوسرے اوپنر فخرزمان 11 رنز بناکر سمین خان کی گیند پر وکٹ کیپر کامران اکمل کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔
نئے بیٹسمین ریان ٹین ڈوسچیٹ بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکے اور صرف 2 رنز بناکر پویلین کی راہ لی۔
سہیل اختر کو 11 رنز پر سمین گل نے پویلین کی راہ دکھائی۔
یوں 54 رنز پر لاہور قلندرز کے چار ٹاپ آرڈر بیٹسمین پویلین لوٹ چکے تھے۔
اس موقع پر حارث سہیل نے بھرپور مزاحمت کی اور 33 گیندوں پر ایک چھکے اور چار چوکوں کی مدد سے 43 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے۔
عمیر مسعود کو 22رنز پر ملز سے کلین بولڈ کیا جبکہ وائز نے 16 گیندوں پر 26 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔
پشاور زلمی کی طرف سے ملز سب سے کامیاب بولر رہے، انہوں نے 29رنز کے عوض تین وکٹیں حاصل کیں، سمین گل نے دو جبکہ وہاب ریاض اور ڈاؤسن نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
پشاور زلمی کی ٹاس جیت کر فیلڈنگ
پاکستان سپر لیگ سیزن فور کے 25ویں میچ میں پشاور زلمی نے لاہور قلندرز کے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا ہے۔
لاہور قلندرز کی ٹیم میں فخرزمان، اینٹن ڈیوسچ، حارث سہیل، ریان ٹین ڈوسچیٹ، سہیل اختر، ڈیوڈ وائز، عمر مسعود، راحت علی، شاہین شاہ آفریدی، سنڈیپ لیما چھانے اور حارث رؤف شامل ہیں۔
پشاور زلمی کی ٹیم کامران اکمل، امام الحق، مصباح الحق، عمر امین، لیام ڈاؤسن، کائرون پولارڈ، ڈیرن سیمی، وہاب ریاض، حسن علی، تائمل ملزاور سمین گل پر مشتمل ہے۔
پوائنٹس ٹیبل پر پشاور زلمی 10پوائنٹس کے ساتھ دوسرے جبکہ لاہور قلندرز 6 پوائنٹس کے ساتھ پانچویں نمبر پر ہے۔