لندن( پی اے ) برطانوی ارکان پارلیمنٹ نے برطانیہ میں سگریٹ نوشی سے آزاد نسل تیار کرنے کیلئے سگریٹ خریدنے کی عمر 18سال سے بڑھا کر 21 سال کرنے کی سفارش کی ہے۔ ارکان پارلیمنٹ نے سگریٹ نوشی کی وجہ سے معاشرے پرپڑنے والے اثرات کاازالہ کرنے کیلئے سگریٹ تیار کرنے والی بڑی کمپنیوں سے رقم وصول کرنے کی بھی سفارش کی ہے۔ ارکان پارلیمنٹ کاکہناہے کہ اس طرح جمع ہونے والے لاکھوں پونڈ کی رقم سگریٹ نوشی ترک کرنے کی کوششوں پر خرچ کی جائے۔سگریٹ نوشی اورصحت سے متعلق آل پارٹی پارلیمانی گروپ سگریٹ کو عام آدمی کی قوت خرید سے باہر کرنے کیلئے تمباکو سے تیار کی جانے والی مصنوعات پر ٹیکسوں میں اضافہ کرنے کا بھی مطالبہ کیاہے، گروپ کے چیئرمین کنزرویٹو پارٹی کے رکن پارلیمنٹ باب بلیک مین کاکہناہے کہ قبل از وقت اموات کا بڑا سبب اب بھی سگریٹ نوشی اور علاج معالجے کی سہولتوں کی فراہمی میں عدم مساوات ہے۔انھوں نے کہا کہ صحت مند زندگی کی شرح میں 2035تک5سال اضافہ کرنے سے متعلق حکومت کے مقاصد کی تکمیل کیلئے تمباکو کے ریگولیشن میں فوری تبدیلی اورامیروں اور غریبوں کے علاج معالجے کے درمیان عدم مساوات ختم کرنے کی ضرورت ہے۔