آمدن سے زائد اثاثوں کے کیس میں نیب کے ہاتھوں گرفتار آغا سراج درانی کے مبینہ فرنٹ مین گلزار احمد نے حفاظتی ضمانت کے لیے سندھ ہائی کورٹ سے رجوع کرلیا ۔
عدالت نے گلزار احمد کے وکیل سے استفسار کیا کہ ملزم گلزار احمد کہاں ہے ،جس پر گلزار احمد کے وکیل نے بتایا کہ وہ امریکہ میں ہے اور خبروں سے تحقیقات کا معلوم ہوا۔
وکیل کا کہنا تھا کہ ملزم پاکستان آنا چاہتا ہے مگر گرفتاری کا خدشہ ہے۔
ملزم گلزار احمد کے وکیل نے عدالت سے گزارش کی کہ وہ ملزم کی غیر موجودگی میں حفاظتی ضمانت منظور کریں۔
عدالت نے گلزار احمد کے بھائی کو 4 روز میں پاور آف اٹارنی جمع کروانے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ حفاظتی ضمانت کی درخواست پاور آف اٹارنی جمع ہونے کے بعد سنیں گے۔
دوسری جانب نیب کے مطابق ملزم گلزار احمد نے آغا سراج درانی کی صاحبزادی کے اکاونٹ میں رقم منتقل کی ہے۔