پاکستان سپر لیگ سیزن فور کے 30 ویں میچ میں پشاور زلمی نے کراچی کنگز کو جیت کے لئے 204 کا ہدف دے دیا ہے۔
پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پشاور زلمی کے اوپنر کامران اکمل اور امام الحق نے شاندار آغاز فراہم کیا اور دھواں دار بیٹنگ کرتے ہوئے پہلی وکٹ کی شراکت میں 137 رنز بنائے۔
کامران اکمل 48 گیندوں پر 5 چھکوں اور 10 چوکوں کی مدد سے 86رنز کی برق رفتار اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے۔
پولارڈ نے تیزرفتاری سے اننگز کا آغاز کیا لیکن تین گیندوں پر 2 چھکوں کی مدد سے 12 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔
نئے بیٹسمین ڈاؤسن کو محمد عامر نے 9 رنز پر پویلین کی راہ دکھائی، اس اوور میں امام الحق بھی عامر کی گیند پر کلین بولڈ ہوگئے، وہ 40 گیندوں پر 59 رنز بناکر پویلین لوٹے۔
ڈیرین سیمی کی وکٹ بھی محمد عامر کے حصے میں آئی، وہ صرف پانچ رنز بناسکے۔
وہاب خان 11 اور حسن علی 1 رن بناکر آؤٹ ہوئے۔ اس طرح پشاور زلمی کی ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 203 رنز بنائے۔
محمد عامر نے تین، کولن مونرو نے دو اور عثمان شنواری نے ایک وکٹ حاصل کی۔
کراچی کنگز کی ٹاس جیت کر فیلڈنگ
اس سے پہلے کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔
کراچی کنگز نے ایک تبدیلی کی ہے، عامر یامین کی جگہ محمد عامر کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔
دونوں ٹیمیں پہلے ہی پلے آف مرحلے کے لئے کوالیفائی کرچکی ہیں، تاہم کراچی ٹیم یہ میچ جیت جاتی ہے تو وہ دوسری پوزیشن پر آجائے گی۔
ان دونوں کے علاوہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ بھی اگلے مرحلے میں پہنچ چکی ہیں۔
اس سے پہلے آج کھیلے گئے ایک اور میچ میں ملتان سلطانز نے لاہور قلندرز کو بآسانی 7 وکٹوں سے شکست دے دی۔
لاہور قلندرز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ بیس اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 140رنز بنائے، ملتان سلطانز نے ہدف 13 ویں اوور کی تیسری گیند پر صرف 3 وکٹیں کھوکر حاصل کرلیا۔