• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی ایس ایل‘آخری لیگ میچ میں پشاور زلمی نے کراچی کنگز کو 61رنز سے ہرادیا

کراچی(عبدالماجدبھٹی…اسٹاف رپورٹر) پاکستان سپرلیگ فور کے آخری لیگ میچ میں پشاور زلمی نے کراچی کنگز کو با آسانی61 رنز سے شکست دے کر گروپ میں پہلی پوزیشن حاصل کی۔ٹورنامنٹ کا پلے آف مرحلہ بدھ سے شروع ہوگا۔کوالی فائر میں پشاور زلمی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا مقابلہ ہوگا۔فاتح ٹیم براہ راست اتوار کے فائنل میں جگہ حاصل کرے گی۔ہارنے والی ٹیم اسلام آباد اور کراچی کے ونر سے ایلیمینٹر میں جمعے کو میچ کھیلے گی۔دوسرے ایلیمینٹر کی فاتح ٹیم فائنل میں جگہ بنائے گی۔نیشنل اسٹیڈیم میں پیر کی شب کراچی کی ٹیم204رنز کے ہدف کے تعاقب میں142رنز بناکر آوٹ ہوگئی۔کراچی کنگز کی جانب سے کولن انگرم نے ایک اور جارحانہ اننگز کھیلی۔انہوں نے37گیندوں پر71رنز بنائے انہوں نےچار چھکے اورسات چوکے مارے۔عماد وسیم نے30رنز بنائے۔حسن علی نے15رنز دے کر تین اوروہاب ریاض نے19رنز کے عوض دو کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔ثمین گل اور ٹائمل ملز نے دو دو کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔بین ڈنک 6 رنز کا اضافہ کر کے وہاب ریاض کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔ لییم لیونگسٹون بھی صرف 6 رنز بنا کر ٹائمل ملز کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔ بابر اعظم کا بھی جادو نہ چل پایا اور وہ 13 رنز بنا کر ثمین گل کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے تھے۔ کنگز کی جانب سے آوٹ ہونے والے پہلے کھلاڑی کولن منرو تھے جو بغیر کوئی سکور بنائے حسن علی کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔قبل ازیںکنگز نے ٹاس جیت کر زلمی کو بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔ زلمی نے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 203 رنز بنائے ہیں۔ کامران اکمل اور امام الحق نے پہلی وکٹ کی پارٹنرشپ میں 137 رنز81 گیندوں پر بنائے۔ کامران اکمل نے صرف 48 گیندوں میں 86 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی انہوں نے پانچ چھکے اور دس چوکے مارے جبکہ امام الحق نے 59 رنز بنائے۔ انہوں نے40گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے ایک چھکا اور سات چوکے مارے۔زلمی کا سکور 14ویں اوور تک 150 رنز تک پہنچ گیا تھا ۔ تاہم محمد عامر نے عمدہ بولنگ کا مظاہرہ کیا اور کراچی کنگز کو میچ میں واپس لانے میں کامیاب رہے۔ صہیب مقصود 12 رنز بنا کر ناٹ آوٹ رہے۔ محمد عامر نے اپنے مقررہ چار اوورز میں صرف 24 رنز کے عوض تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ کولن منرو نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ عثمان شنواری نے بھی ایک وکٹ حاصل کی۔
تازہ ترین