اسلام آباد(نمائندہ جنگ) احتساب عدالت کے جج محمد ارشد ملک نے نندی پور پاور پراجیکٹ ریفرنس میں سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف اور سابق وزیر قانون بابر اعوان سمیت 7 ملزمان پر فرد جرم عائد کردی، تاہم تمام ملزمان نے صحت جرم سے انکار کردیا، فاضل عدالت نے استغاثہ سے شہادتیں طلب کرتے ہوئے وزارت پانی و بجلی کے محمد نعیم کو آئندہ سماعت پر بطور گواہ طلب کرلیا اورسماعت 19 مارچ تک ملتوی کردی۔ پیر کو احتساب عدالت نمبر 2 میں سماعت کے دوران راجہ پرویز اشرف سمیت شریک ملزمان میں بابر اعوان، سابق سیکرٹری قانون ریاض کیانی، مسعود چشتی، سابق کنسلٹنٹ شمیلہ محمود، سابق جوائنٹ سیکرٹری ریاض محمود اور سابق سیکرٹری شاہد رفیع عدالت کے روبرو پیش ہوئے۔