• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
,

سرکاری حج اسکیم کی قرعہ اندازی، ناموں کا اعلان

حکومت پاکستان نے سرکاری اسکیم کے تحت حج پر جانے والے 1لاکھ 7ہزار خوش نصیبوں کے ناموں کا اعلان کردیا۔

وفاقی وزیر برائے مذہبی امور نور الحق قادری نے سرکاری اسکیم کے تحت حج درخواستوں پر قرعہ اندازی کا آغاز کیا۔


نور الحق قادری کے مطابق رواں سال 2 لاکھ 16ہزار 623 افراد سے حج درخواستیں موصول ہوئیں،قرعہ اندازی میں نام آنے والوں کو بذریعہ ایس ایم ایس اطلاع دی جائے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس حوالے سے تفصیلات وزارت مذہبی امور کی ویب سائٹ پر بھی جاری کی جائیں گی-

وفاقی وزیر برائے مذہبی امور کا کہنا تھا کہ جو لوگ 3 سال سے درخواستیں دیتے رہے اور نہیں جاسکے، انہیں اس سال قرعہ اندازی سے پہلے ہی منتخب کرلیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ حج کے لیے پاکستان کا پہلے کا کوٹہ ایک لاکھ 79ہزار تھا، پانچ ہزار کا کوٹہ بڑھایا گیا، رواں برس 1لاکھ 84ہزار510 افراد پاکستان سے حج کریں گے۔

نور الحق قادری نے یہ بھی کہا کہ سرکاری اسکیم کے تحت 60 فیصد عازمین جاتے ہیں، یہ تعداد 1 لاکھ 7 ہزار سے زائد افراد بنتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ سعودی وزیر خارجہ نے کوٹہ 2 لاکھ کرنے کا کہا تھا، لیکن ابھی اس کی تصدیق موصول نہیں ہوئی۔

وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ 80 سال سے زائد کے عازمین اور ان کا محرم یا دیکھ بھال کرنے والا بھی قرعہ اندازی سے مستثنیٰ ہوگا۔

وزارت مذہبی امور کے مطابق سرکاری حج اسکیم کے تحت سب سے زیادہ پنجاب سے ایک لاکھ 8 ہزار 6 درخواستیں آئیں جبکہ سندھ سے 49 ہزار 343، خیبرپختونخوا سے 40 ہزار 752 اور بلوچستان سے 10 ہزار 258 درخواستیں موصول ہوئیں۔

کشمیر سے 2 ہزار 316، فاٹا سے 4 ہزار 314 اور گلگت بلتستان سے 2 ہزار 422 درخواستیں آئیں۔

وزارت مذہبی امور کے مطابق مجموعی طور پر 2 لاکھ 16 ہزار 623 درخواستیں موصول ہوئیں،جن میں سے مرد عازمین کی ایک لاکھ 23 ہزار700 اور خواتین کی 92 ہزار923 درخواستیں ملیں۔

اس مرتبہ ایک لاکھ 84 ہزار 210 پاکستانی فریضہ حج ادا کریں گے جس میں سرکاری اسکیم کے تحت ایک لاکھ 7 ہزار 526 اور نجی اسکیم کے ذریعے 71ہزار 684 عازمین حجاز مقدس جائیں گے۔

وزارت مذہبی امور کی جانب سے حج اخراجات 4 لاکھ 36 ہزار975 روپے مقرر کیے گئے ہیں اور حاجیوں کو قربانی کے لیے 19 ہزار 451 روپے الگ سے ادا کرنا ہوں گے۔

 گزشتہ سال سرکاری حج اسکیم کے تحت وصول درخواستوں کی تعداد 3 لاکھ 74 ہزار 857 تھی جن کی قرعہ اندازی کی گئی۔

تازہ ترین
تازہ ترین