• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بارشیں ،ڈیرہ غازی خان کی دو ندیوں میں طغیانی ،قبائلی علاقوں کا زمینی رابطہ منقطع

Latest News
اسلام آباد.......ملک کے مختلف شہروں میں بارشوں کا سلسلہ جاری ہے، ڈیرہ غازی خان کی دو بڑی ندیوں میں طغیانی سے قبائلی علاقوں کا ملک کے دوسرے حصوں سے زمینی رابطہ منقطع ہوگیا ہے ۔

ڈیرہ غازی خان ، تونسہ اور قبائلی علاقوں میں بارش کے باعث ندی نالوں میں طغیانی آگئی ہے،جس سے وادی چنالہ، یونین کونسل فاضلہ کچھ اور مبارکی سمیت کئی علاقوں کا زمینی رابطہ منقطع ہوگیا ہے ۔

مقامی انتظامیہ کی جانب سے نکاسی آب کا بندوبست نہ کیے جانے کے باعث بارش کا پانی گھروں اور دکانوں میں داخل ہوگیا ہے جبکہ شہری گھروں میں محصور ہوکر رہ گئے ہیں۔

اُدھربھکر میں مکان کی چھت گرنے سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا جبکہ خاتون اور 2 بچے زخمی ہوگئے، جہلم میں بارش کے باعث میمنیان کا رابطہ پل ٹوٹ گیا،چمن سمیت متعدد علاقوں میں بارشوں سےکئی سڑکیں پانی میں بہہ گئی،سوات کے بالائی علاقوں پر برف باری اور بارش کے باعث مینگورہ شہر کے وسط میں بہنے والی ندی کے بہاؤ میں اضافہ ہورہا ہے۔

لوئردیرمیں گزشتہ روزسےجاری بارشوں سےدریائےپنچ کوڑہ میں نچلےدرجےکی سیلابی صورتحال ہے جبکہ جزوی نقصان پہنچنے پرخزانہ بائی پاس پل کو ٹریفک کیلئے بند کردیا گیا ہے،لینڈ سلائیڈنگ سےکوہستان میں ثمرنالےکےقریب شاہراہ قراقرم بند ہوگئی ہے،آزاد کشمیراور گلگت بلتستان کے پہاڑوں پر برف باری اور بارشیں جاری ہیں۔
تازہ ترین