• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وفاقی حکومت سیاسی مخالفین کو انتقام کا نشانہ بنا رہی ہے،مراد علی شاہ

ٹنڈومحمدخان / کراچی (نامہ نگار / نیوز ایجنسی)وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت سیاسی مخالفین کو انتقامی کارروائی کا نشانہ بنا رہی ہے، نیب صرف سندھ میں کارروائیاں کر رہا ہے، سندھ کو اس کے حصے کا گیس اور پانی نہ دینا ناانصافی ہے،آصف علی زرداری اور انکی ہمشیرہ فریال ٹالپورکے نیب کیس کو راولپنڈی منتقل کرنا سمجھ سے باہر ہے، ماضی میں پنڈی سے ہماری اچھی یادیں وابستہ نہیں ہیں۔ یہ بات انہوں پیپلزپارٹی کے ایم پی اے عبدالکریم سومرو کے بھتیجے اورضلعی جنرل سیکریڑی خرم کریم سومرو کے کزن کی مقامی ہال میں دعوت ولیمہ کی تقریب کے موقع پر میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ علاوہ ازیں انہوں نے ہولی پر ہندو ملازمین کو پیشگی تنخواہ دینےکی ہدایت بھی کی۔ انہوں نے کہاوفاق کو سندھ کی عوام سے کوئی ہمدردی نہیں ہے ، سندھ کو این ایف سی سمیت گیس اور پانی کی تقسم میں بھی نظر انداز کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیب کی جانب سے سندھ میں ہی کارروائی کی جارہی ہے، علیم خان کودکھاوے کیلئے گرفتار کیا اور کبھی بھی ضمانت ہوسکتی ہے جس پر بھی ریفرنس یا کیس ہیں ان سب کو گرفتار کیا جائے صرف سندھ میں ہی گرفتاریاں ہورہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سابق صوبائی وزیر جام خان شورو کو سادہ کپڑے میں ملبوس مسلح افراد نے راستے میں پکڑنے کی کوشش کی، بعد میں پتاچلا کہ وہ نیب کے افراد تھے۔ انکے ہمراہ پیپلزپارٹی کے صوبائی صدر نثار کھوڑو، مرکزی رہنما سید نوید قمر، ایم پی اے سید اعجاز شاہ بخاری اور دیگر بھی شریک تھے۔
تازہ ترین