پاکستان سپرلیگ (پی ایس ایل) کے چوتھے مرحلے کے چیمپئن شپ کا تاج کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے سر پر سج گیا۔
نیشنل اسٹیڈیم پر کھیلے گئے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پشاور زلمی کے 139 رنز کا ہدف 18ویں اوور میں2وکٹ پر حاصل کرلیا،یوں سرفراز احمد الیون فائنل میں 8 وکٹ سے فاتح رہی۔
سرفراز الیون کی اننگز کی خاص بات اوپنر احمد شہزاد کی نصف سنچری (58رنز) کے ساتھ ریلی روسو کے ناقابل شکست 39 اور احسن علی کی 25 رنز کی اننگز رہی۔
تیسری بار فائنل کھیلنے والی کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو اس بار سرفراز احمد نے چیمپئن بنادیا۔
نیشنل اسٹیڈیم کھیلے گئے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر ڈیرن سیمی الیون کو بیٹنگ کی دعوت دی۔
شائقین کرکٹ سے پوری طرح بھرے اسٹیڈیم میں پشاور زلمی نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں8 وکٹ کے نقصان پر 138 رنز بنائے،عمر امین 38 رنز کے ساتھ اننگز کے ٹاپ اسکورر رہے۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے شین واٹسن اور احمد شہزاد نے اننگز اوپن کی، 19 کے اسکور پر پی ایس ایل 4 کے ٹاپ اسکورر شین واٹسن صرف 7 رنز بناکر رن آوٹ ہوگئے۔
پہلی وکٹ گرنے کے بعد احمد شہزاد اور احسن علی نے اسکور 66 رنز تک پہنچادیا،47رنز کی شراکت میں احسن علی نے 25رنز بنائے، وہ وہاب ریاض کا پہلا شکار بنے۔
تیسری وکٹ پر احمد شہزاد اور ریلی روسو نے 61 گیندوں پر ناقابل شکست 73 رنز کی شراکت قائم کی۔
پشاور زلمی کی طرف سے اننگز کی واحد وکٹ وہاب ریاض کے حصے میں آئی۔
ایونٹ میں پشاور زلمی کے مقابل کوئٹہ گلیڈی ایٹرز ناقابل شکست رہی، دونوں ٹیموں کے درمیان فائنل سمیت 4 میچز کھیلے گئے،تمام ہی میچز میں سرفراز الیون نے ڈیرن سیمی الیون کو شکست سے دوچار کیا۔
پشاور زلمی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان پہلا میچ 15 فروری کو کھیلا گیا، جو سرفراز الیون نے 6 وکٹ سے جیت لیا، میچ کا بہترین کھلاڑی عمر اکمل کو قرار دیا گیا جنہوں نے 50 گیندوں پر 75رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔
4 مارچ کو کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور پشاور زلمی ایک بار پھر مدمقابل آئے، اس بار شین واٹسن کی 91 ناقابل شکست اننگز نے سرفراز الیون کو فاتح بنا دیا۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور پشاور زلمی کوالیفائر میں ایک بار پھر آمنے سامنے ہوئے تو اس بار بھی شین واٹسن نے 71 رنز کی بدولت ڈیرن سیمی الیون کو 10 رنز سے مات دی اور فائنل کےلئے کوالیفائی کرلیا۔