اسلام آباد (نمائندہ جنگ، ایجنسیاں)پاکستان پیپلز پارٹی نے کہا ہے کہ شیخ رشید کالعدم تنظیموں کا آلہ کار ہے ، انکی بلاول بھٹو کو قتل کی دھمکی کو نظرانداز نہیں کرینگے، بلاول بھٹو زرداری کو دھمکیاں دینے پر پارٹی نے شیخ رشید کیخلاف قانونی کارروائی اور عوامی مہم چلانے کا فیصلہ کیا ہے، نفیسہ شاہ کا کہنا ہے کہ جیالے آہنی دیوار بن کراپنے قائد کی حفاظت کرینگے، غور کر رہے ہیں، چوہدری منظور نے کہا کہ دھمکی بالکل ایسی ہے جیسی مشرف نے بے نظیر بھٹو کو دی تھی۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹرنز کی سیکرٹری اطلاعات ڈاکٹر نفیسہ شاہ نے کہا ہے کہ شیخ رشید کی چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کو دی جانے والی دھمکی نظرانداز نہیں کر سکتے۔ غور کر رہے ہیں کہ شیخ رشید نے کس کا پیغام دیا ہے۔ اپنے بیان میں نفیسہ شاہ نے کہا کہ شیخ رشید کالعدم تنظیموں کے بھی سہولت کار رہے ہیں اسلئے انکے بیان کو مسخری سمجھ کر نظرانداز نہیں کر سکتے، جیالوں کے صبر کو اب ان کی کمزوری نہ سمجھا جائے۔