نیوزی لینڈ میں پاکستانی ہائی کمشنر عبدالمالک کا کہنا ہے کہ سانحہ کرائسٹ چرچ میں شہید ہونے والے لاہورکے سید جہاں داد اور کراچی کے سید اریب احمد کی میتیں ورثا کے حوالے کر دی گئی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ اسلام آباد کے ہارون محمود کی میت بھی آج ورثاء کے حوالے کر دی جائے گی، سانحے میں شہید 9 پاکستانیوں میں سے اب تک صرف اریب کے ورثاء میت پاکستان لے جانا چاہتے ہیں۔
اس سانحے میں صرف ایک پاکستانی زخمی ہواہے، حافظ آباد کے محمد امین اسپتال میں زیرعلاج ہیں جن کی حالت تشویش ناک ہے۔
اس سے قبل سانحہ کرائسٹ چرچ میں شہید ہونے والے 50میں سے 2شہیدوں کی تدفین کر دی گئی ہے۔
مقامی میڈیا کے مطابق خالد اور اس کے بیٹے حمزہ کی نمازِ جنازہ ادا کی گئی ہے، دونوں باپ بیٹا مسجد نور میں فائرنگ سے شہید ہوئے تھے۔
14 برس کا حمزہ اس وقت دہشت گرد کی گولی کا نشانہ بنا جب وہ اپنی والدہ سے فون پر بات کر رہا تھا، خالد اپنے اہل خانہ کے ساتھ چند ماہ پہلے ہی شام سے نیوزی لینڈ منتقل ہوا تھا۔