اسلام آباد (آئی این پی‘ این این آئی) وزیر ریلوے شیخ رشید نے کہا ہے کہ شاہد خاقان عباسی اپنے کرتوں کی وجہ سے نیب جا رہے ہیں، پرسوں عمران خان جناح ایکسپریس کا افتتاح کریں گے، وزیر ریلوے نے شاہد خاقان عباسی کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ شاہد خاقان عباسی اپنے کرتوں کی وجہ سے نیب جارہے ہیں، سابق وزیراعظم نے ملکی خزانے کو لوٹا، میں نے بطور وفاقی وزیر جو ریسرچ کی وہ دی، اب نیب نے فیصلہ کرناہے۔ شیخ رشید کا کہنا تھا بلاول دو سو آدمیوں کے ساتھ کرپشن کے حق میں نکل آئے ہیں۔ میں نے بلاول کو ٹرین پر لانا تھا وہ لے آیا۔ دریں اثناء سکستھ روڈ پر پوسٹ گریجویٹ کالج کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شیخ رشید احمد نے طالبات کو موبائل فون کم استعمال کرنے اور رات کو جلدی سونے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر ان کا بس چلے تو اسمارٹ فون ہی بند کروا دیں۔ انہوں نے کہا کہ سرسید روڈ پر خواتین کالج کا ٹھیکہ دیدیا ہے، پولیس لائن کو شفٹ کر کے اسکی جگہ یونیورسٹی بنانا چاہتا ہوں، شہر میں نرسنگ کالج اور ہسپتال بنوا رہا ہوں۔