• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

محکمہ تعلیم اور اساتذہ میں مذاکرات کامیاب

وزیر تعلیم سید سردار علی شاہ سے جمعہ کو گورنمنٹ سیکنڈری ٹیچرز ایسوسی ایشن (گسٹا) سندھ کے وفد نے حاجی اشرف خاصخیلی کی سربراہی میں انکے دفتر میں ملاقات کی اور سندھ بھر کے گسٹا اراکین کی جانب سے پریس کلب پر جاری احتجاج کے حوالے سےصوبائی وزیر تعلیم کو اپنے مطالبات سے آگاہ کیا۔

ملاقات میں سیکریٹری تعلیم قاضی شاہد پرویز بھی موجود تھے۔ گسٹا وفد کی جانب سے پیش کیے 9 مطالبات میں سے تمام کے تمام مطالبات صوبائی حکومت نے منظور کرلیے۔ جس کے تحت وزیر تعلیم کی جانب سے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کو بھیجی گئ  ایچ  ایس ٹیز کو بی پی ایس 20 میں ٹائیم اسکیل دینےکی سمری بھی  منظورکرلی گئی۔

دریں اثناء وزیر تعلیم نے اپنے دفتر میں گسٹا وفد سے کامیاب مذاکرات  کے بعد وفد کے ہمراہ کراچی پریس کلب پہنچے ، جہاں پر انھوں نے احتجاج کرنے والے اساتذہ کو کامیاب مذاکرات کے بارے میں بتایا۔

وزیرتعلیم سردار شاہ نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ہم نے پہلے ہی کہا تھا کہ ہم اساتذہ کے ساتھ ہیں، اور 22 مارچ کو ہی سمری وزیر اعلی کو بھیج دی تھی, احتجاج کو کوئی ضرورت نہیں تھی۔

انھوں نے اساتذہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اب میرے بھی آپ سے کچھ مطالبات ہیں، نقل جیسی لعنت کو روکنے کے لیے اپنا کردار ادا کریں اورامتحانات میں حاضری کو یقینی بنائیں اب آپ کے سب مطالبات تسلیم کرلیے گئے ہیں۔

انھوں نے بتایا کہ میں شرمندہ ہوں کہ اساتذہ پر تشدد ہوا، اساتذہ پرتشدد پروزیر اعلی ٰسندھ نے بھی برہمی کا اظہار کیا ہے اور تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔ انھوں نے بتایا کہ ٹائم اسکیل کی سمری وزیر اعلیٰ نےمنظور کرلی ہے جس پر میں شکر گزار ہوں ۔

انھوں نے بتایا کہ این ٹی ایس پاس اساتذہ کومستقل کرنےکافیصلہ کیا ہے، 20 گریڈ کے اساتذہ کو ٹائیم اسکیل دیا جائے گا جسکا باقاعدہ محکمہ خزانہ نے نوٹفکیشن جاری کردیا ہے اوراساتذہ کے دیگر مسائل حل کرنے کے لئے سیکریٹری اسکول ایجوکیشن کی زیر سربراہی کمیٹی بنادی گئی ہے

علاوہ ازیں محکمہ تعلیم سندھ اور سرکاری اساتذہ میں کامیاب مذاکرات کے بعد صوبے میں میٹرک کے امتحانات پر چھائے بادل چھٹ گئے۔  اساتذہ نے دھرنا ختم اور پیر سے میٹرک کے امتحانات لینے کا اعلان کردیا۔


تازہ ترین