کوئٹہ(نمائندہ جنگ)وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے کہا ہے کہ گوادر بلوچستان کا مضبوط حصہ ہے اور ہمیشہ رہے گا، گوادر کے مقامی لوگوں کے حقوق کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنایا جائیگا،امن کے بغیر ترقی ممکن نہیں، بے گناہوں کو مارنے کی کوئی گنجائش نہیں ، بحیثیت نواب اپنے لوگوں کی حفاظت میری ذمہ داری ہے،صوبے کا امن خراب کرنیوالوں کی بیخ کنی کے لیے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھیں گے، گوادر کی ترقی سے مقا می لوگوں کے اقلیت میں تبدیل ہونے کے خدشات کو دورکرنے اور اس حوالے سے منفی پروپیگنڈہ کو زائل کرنے کے لیے قانون سازی کی جا رہی ہے، جس کے تحت باہر سے آنے والوں کو نا تو ووٹ کا حق حاصل ہوگا اور نہ ہی وہ اپنے قومی شناختی کارڈ میں مستقل رہائشی پتہ کے طور پر گوادر لکھ سکیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بلوچستان نیوز پیپر ایڈیٹرز کونسل کی جانب سے اپنے اعزاز میں دئیے گئے ظہرانے کے موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کیا، چیف سیکریٹری بلوچستان سیف اللہ چٹھہ ،سینیٹر آغاز شہباز درانی اور حکومت بلوچستان کے ترجمان انوار الحق کاکڑ بھی اس موقع پر موجود تھے، امن و امان کے حوالے سے بات چیت کرتے ہوئے وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ امن و امان کی بہتری کے بغیر ترقی کا تصور نہیں کیا جا سکتا، حکومت اس حوالے سے ناصرف اپنی ذمہ داریوں سے بخوبی آگاہ ہے بلکہ سیکورٹی فورسز پر حملہ کرنے والوں اور بے گناہ لوگوں کو قتل کرنے والے دہشت گردوں کے خلاف موثر کارروائی کی جا رہی ہے، اس ضمن میں حکومت کی برداشت کی حد صفر ہے، اس بات کی کوئی گنجائش موجود نہیں کہ چند عناصر غیروں کے آلہ کار بن کر بے گناہوں کو ماریں۔