• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ملتان ضمنی الیکشن، تحریک انصاف نے نشست پھر جیت لی، پی پی کو شکست

ملتان (نمائندہ جنگ)ملتان کے حلقہ پی پی 218کے ضمنی انتخابات میں بھی تحریک انصاف نے میدان مار لیا ، امیدوار ملک واصف مظہر راں کامیاب ہوگئے۔ ریٹرننگ افسر کی جانب سے جاری غیر حتمی نتائج کے مطابق تحریک انصاف کےامیدوار ملک واصف مظہرنے 46670ووٹ حاصل کرکے ممبر صوبائی اسمبلی کی نشست جیت لی جبکہ انکےمقابل پیپلز پارٹی پارلیمنٹرین کے امیدوار ملک ارشد راں 39254 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے ۔ تحریک لبیک پاکستان کے امیدوار اسرار الحق چیمہ نے 1146 ،آزار امیدواران شاہد عباس راں نے 3571،محمدرمضان نے 102 ، محمد طفیل نے 230 ووٹ حاصل کئے۔پی پی 218 کے ٹوٹل پولنگ سٹیشن 138 تھے جن میں کل 92699 ووٹ کاسٹ کئے،ان میں سے 1726 ووٹ مسترد ہوئے۔ضمنی الیکشن کا ٹرن آؤٹ 45.62 فیصدرہا۔پولنگ کاعمل صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک بغیرکسی وقفےکےجاری رہا، 138پولنگ سٹیشنزمیں سے32کوحساس قرار دیا گیا تھا جہاں ایک ہزار سے زائد پولیس اہلکار اور پاک فوج کے جوانوں نےسکیورٹی کے فرائض سر انجام دیئے۔پولنگ کا عمل مجموعی طور پر پر امن رہاجبکہ لڑائی جھگڑےکےمعمولی واقعات بھی پیش آئے جنہیں پاک آرمی کے جوانوں اور پولیس نے بروقت کنٹرول کر لیا وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے پی پی 218میں کامیابی کےبعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئےکہاکہ مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی نےنظریات کا جنازہ نکال کرتحریک انصاف کو ہرانے کی غرض سےاتحادکیاجسےعوام نے مسترد کردیا ،اپوزیشن سمجھ رہی تھی کہ 7مہینے میں پی ٹی آئی کا گراف نیچے آیا ہے لیکن شہر اولیامیں تحریک انصاف نےاپوزیشن کو عبرتناک شکست دی ،پی پی 218 میں پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار کی جیت پروزیر اعظم عمران خان کو مبارکباد دیتا ہوں ،عوام نے سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کو جنرل الیکشن میں شکست دی،انہوں نے کہا کہ الیکشن مہم کے دوران موسیٰ گیلانی ہماری جماعت کے خلاف نازیبا زبان استعمال کرتے رہےاسکے باوجود تحریک انصاف نے ساڑھے 7ہزار کی برتری حاصل کی، جنرل الیکشن میں اس حلقےمیں پی ٹی آئی کورجسٹرڈ ووٹ کا 22فیصد ملا تھا، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے گیلانی فیملی پر کڑی تنقید کرتے ہوئےکہا کہ گیلانی خاندان پیپلز پارٹی سے مخلص نہیں،بہت جلد گیلانی فیملی پھسلنے والی ہےبلاول بھٹوزرداری گیلانی خاندان کو مضبوطی سے پکڑ لیں کیونکہ یوسف رضا گیلانی کے بچے والد سے کہہ رہے ہیں کہ مسلم لیگ میں شمولیت اختیار کرو ،پنجاب میں پیپلز پارٹی کا کوئی مستقبل نہیں ہے اورسیدموسی گیلانی کے ساتھ موجود پولیس اہلکاروں نے ہمارے کارکنوں پر تشدد کیا اور حکومت میں ہونے کی بنا پر چاہتے تو انکی کی سیکیورٹی واپس کرواسکتے تھے لیکن ہم نے صبر سے کام لیا ، یوسف رضا گیلانی کے بچوں نےہاتھ کی صفائی سے باپ کو بدنام کرکے اس کی سیاست کابھٹہ بٹھادیا ہے۔نومنتخب ممبرصوبائی اسمبلی ملک واصف مظہر راں نےجنگ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میری جیت بنیادی طور پر وزیر اعظم عمران خان کے بیانیے کی جیت ہے ۔ میرے والد مر حوم حلقے میں تعلیم اور صحت کے مسائل حل کرانا چاہتے تھے، اسی مشن کےتحت عوام کی خدمت کرکے اعتماد کو قائم رکھنا چاہتاہوں۔انکا کہنا تھا کہ حلقے میں سڑکوں کی حالت بہترکرنےکیلئےبھرپورکرداراداکرونگا۔عمران خان کی ملک وقوم سے سچی محبت اور اخلاص ہی کی وجہ سے اللہ پاک نے ہمیں ایک مرتبہ پھر عوام کی عدالت میں سرخرو کیا ،جس پر میں سب دوست احباب کا تہہ دل سے مشکور ہوں ، آخر میں اتنا ضرور کہوں گا کہ میدان کوئی بھی ہو فتح ہمیشہ حق اور سچ کی ہوتی ہے۔دوسری جانب پیپلزپارٹی نےپی پی 218 کے انتخابی نتائج مسترد کردیئے، اس حوالے سےپیپلزپارٹی کےسابق ممبر قومی اسمبلی موسیٰ گیلانی نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پی پی 218میں بڑے پیمانے پر سرکاری مشینری کا استعمال کیا گیااورالیکشن کمیشن انتخابی ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد میں مکمل ناکام ہوگیا،تحریک انصاف نے الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق کی دھجیاں اڑائیں اورشفاف انتخابات کا انعقاد نہیں کیا گیا۔ہمارے ووٹروں پر حکومتی جماعت کے لوگوں نے دبائو ڈالا،انتخابی بےضابطگیوں کے حوالے سے آج اپنی رہائش گاہ پر تفصیلی پریس کانفرنس کروں گا اورالیکشن کمیشن کو بھی درخواست دی جائیگی۔ادھر پولنگ کے دوران متعدد نقائص سامنےآئے ہیں اور ضابظہ اخلاق کی خلاف ورزیاں ہوئیں،ووٹر لسٹ میں نام نہ ہونےپریوسی 125کاوائس چیئر مین جعفر بھٹی فیملی سمیت ووٹ کاسٹ نہ کرسکے،،پابندی کے باوجود امید واروں کی جانب سے ووٹرز کو ٹرانسپورٹ کی سہولت بھی فراہم کی گئی ، بعض مقامات پر پولنگ ڈےپربھی انتخابی مہم جاری رہی،دوسری جانب ریٹرننگ افسر عاطف رحیم نے کہا کہ حکومت کی جانب سے الیکشن کو پرامن اور شفاف بنانے کی ہر ممکن کوشش کی گئی،پولنگ ڈے پر مجموعی طورپرکوئی بڑی خرابی سامنے نہیں آئی ،جوکہ خوش آئند بات ہے۔ریٹرننگ افسر عاطف رحیم نے آج تمام امیدواروں کو کنسالیڈیشن کےلئےطلب کر لیا ۔ الیکشن کمیشن ذرائع کے مطابق ضمنی انتخاب میں حصہ لینے والے تمام امیدواروں کو کیمپ آفس نیو جوڈیشل کمپلیکس مری تل روڈ پر طلب کیا گیا ہے جہاں ریٹرننگ افسر عاطف رحیم اور امیدوار کنسالیڈیشن پر بات کریں گے ، اس ضمن میں ریٹرننگ افسر نے امیدواروں کو نوٹس جاری کردئیے۔
تازہ ترین