• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فضل الرحمان کل نواز شریف کی عیادت کرینگے

جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا سابق وزیراعظم نواز شریف سے رابطہ ہوا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ مولانا فضل الرحمان میاں محمد نواز شریف کی تیمار داری کے لیے کل ان کے آبائی علاقے جاتی امراء جائیں گے جہاں وہ ان کی عیادت کریں گے۔

ذرائع کے مطابق مولانا فضل الرحمان نواز شریف سے ملکی سیاسی صورت حال پر بھی مشاورت کریں گے۔

ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ مولانا فضل الرحمان کل نواز شریف کو حکومت کے خلاف مل کر تحریک چلانے کی بھی دعوت دیں گے۔

ایم ایم اے اور جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے دو روز قبل سابق وزیر اعظم نواز شریف سے فون پر رابطہ کیا تھا اور عیادت کے لیے ملاقات کی خواہش ظاہر کی تھی۔

جس کے بعد یہ طے پایا کہ مولانا فضل الرحمان منگل کو جاتی امراء جائیں گے،جہاں وہ نواز شریف کی عیادت کے ساتھ موجودہ ملکی اور سیاسی صورت حال پربھی مشاورت کریں گے ۔

مولانا فضل الرحمان اس موقع پر نواز شریف کو سابق صدر آصف زرداری کے ساتھ ملاقات کے لیے بھی آمادہ کرنے کی کوشش کریں گے۔

سربراہ ایم ایم اے کی جانب سے نواز شریف کو متحدہ اپوزیشن کے پلیٹ فارم سے حکومت کے خلاف تحریک چلانے کی دعوت دیے جانے کا بھی امکان ہے۔

دونوں رہنماؤں کے درمیان الیکشن کمیشن کے سندھ اور بلوچستان سے ارکان کی تقرری اور فوجی عدالتوں میں توسیع کے معاملات پر متفقہ لائحہ عمل اختیار کرنے کے بارےمیں بھی مشاورت ہوگی۔

معلوم ہوا ہے کہ نواز شریف سے ملاقات کے بعد مولانا فضل الرحمان کی آئندہ دنوں میں سابق صدر آصف زرداری سے بھی ملاقات متوقع ہے۔

تازہ ترین