• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی،گل بائی پر ڈیزل ٹینکر الٹنے سے آگ لگ گئی


کراچی کے علاقے شیرشاہ میں گل بائی فلائی اوور کے اوپر ڈیزل کا ٹینکر الٹنے سے بہنے والے ڈیزل میں آگ لگ گئی۔

بہنے والے ڈیزل سے 5 موٹر سائیکلیں اور 2 گاڑیاں بھی جل گئیں، ایک گودام بھی جل کر تباہ ہو گیا۔

فائر بریگیڈ کے 7 اور پاک فضائیہ کے 2 فائر ٹینڈرز نے آگ بجھانے کی کارروائیوں میں حصہ لیا۔

پولیس کے مطابق مذکورہ ٹینکر ڈیزل لے کر شیر شاہ سے نیٹی جیٹی جا رہا تھا، جو ایک کنٹینر کو اوور ٹیک کرتے ہوئے الٹ گیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ الٹنے والے ٹینکر نمبر ٹی ایل این 895 کے مالک کے بارے میں معلومات لے رہے ہیں، جبکہ حادثے کا شکار ڈیزل ٹینکر اور حادثے کا سبب بننے والے کنٹینر کے ڈرائیور موقع سے فرار ہوگئے۔

حادثے کے بعد آئل ٹینکر دو حصوں میں ٹوٹ گیا، جس میں لگنے والی آگ کا دھواں کئی کلومیٹر دور تک نظر آ یا جبکہ علاقے میں دھویں کے کالے بادل چھا گئے۔

ٹینکر اور بہنے والے ڈیزل میں لگنے والی آگ نے قریب سے گزرنے والی گاڑیوں اور سڑک سے متصل دکانوں اور گودام کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا۔

ریسکیو ذرائع نے اسے تیسرے درجے کی آگ قرار دیا ہے، حادثے میں جانی نقصان کا بھی اندیشہ ظاہر کیا جا رہا ہے، جبکہ ٹینکر میں ابھی بھی ڈیزل موجود ہے۔

ذرائع کے مطابق شیر شاہ سے گل بائی آنے اور جانے والے راستوں کو سیل کر دیا گیا ہے اور ٹریفک کو متبادل راستوں کی جانب موڑا جارہا ہے۔

کراچی میں آئل ٹینکر حادثے کے عینی شاہد کا کہنا ہے کہ ٹینکر کنٹینر کو اوور ٹیک کر رہا تھا کہ بے قابو ہوگیا اور یہ حادثہ پیش آیا۔

تازہ ترین