اسلام آباد (آئی این پی) جمعیت علماء اسلام (ف) اور متحدہ مجلس عمل کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے سابق صدر آصف علی زرداری سے ملاقات کی اور انہیں نواز شریف سے ملاقات کے لیے راضی کرلیا۔ ملاقات میں فوجی عدالتوں کی توسیع ، نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد پر غور بھی کیا گیا جبکہ دونوں جماعتیں حکومت کو ٹف دینے پر رضا مند ہوگئیں۔ تفصیلات کے مطابق بدھ کو یہاں زرداری ہاؤس میں آصف زرداری سے مولانا فضل الرحمان نے ملاقات کی ۔ ذرائع نے بتایا کہ آصف زرداری اور مولانا فضل الرحمان کے درمیان ملاقات میں حکومت مخالف تحریک چلانے سے متعلق مشاورت کی گئی۔بتایا گیا ہے کہ فضل الرحمان نے اپنی نواز شریف سے ملاقات کی تفصیلات سے آصف زرداری کو آگاہ کیا۔ ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ فوجی عدالتوں کے قیام اور نیشنل ایکشن پلان پرعملدرآمد سے متعلق امور پر بھی غور کیا گیا۔ ملاقات میں مولانا فضل الرحمان نے نواز شریف سے اپنی ہونے والی ملاقات سے پی پی پی شریک چیئرمین آگاہ کیا، آصف زرداری نے نواز شریف سے ملاقات کی ہامی بھرلی۔آصف زرداری جلد نواز شریف سے جاتی امرا میں ملاقات کریں گے، مولانا نے حکومت کو ٹف ٹائم دینے کے لیے دونوں جماعتوں کو راضی کرلیا۔