اسلام آباد(جنگ نیوز)سابق صدر آصف علی زرداری جعلی اکاؤنٹس میں ضمانت قبل از گرفتاری میں توسیع کیلئے اسلام آباد ہائیکورٹ میں پیشی کے دوران صحافی کے سوال پر غصے میں آ گئے اور انہوں نے موبائل چھین لیا۔ آصف علی زرداری اپنی ہمشیرہ فریال تالپور کے ہمراہ اسلام آباد ہائیکورٹ پہنچے جہاں صحافیوں نے انہیں گھیر لیا اور ساتھ ساتھ چلتے ہوئے ان سے سوالات کرنے کی کوشش کی تاہم آصف زرداری کا موڈ کچھ اچھا نظر نہیں آیا ۔ آصف زرداری کے سامنے کی طرف چلتے ہوئے ایک صحافی نے موبائل کا کیمرہ آن کیا اور سوال کیا کہ ” کیا آج آپکی ضمانت ہو جائیگی ؟“ جس پر سابق صدر غصے میں آ گئے اور انہوں نے صحافی کا موبائل چھین کر اسے بند کر دیا۔