صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی، وزیراعظم عمران خان، سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف، وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال، وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار، مسلم لیگ نون کی ترجمان مریم اورنگ زیب اور دیگر نے آج کوئٹہ میں ہونے والے بم دھماکے کی شدید مذمت کی ہے۔
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کوئٹہ دھماکے کی مذمت کرتےہوئےقیمتی جانوں کے ضیاع پر دکھ کا اظہارکیا ہے ۔
وزیراعظم عمران خان نے کوئٹہ دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے حکام سے اس حوالے سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔
وزیر اعظم نے دہشت گردی کے اس واقعے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر دکھ کا اظہار کیا ہے ۔
وزیر اعظم نے متعلقہ حکام کو زخمیوں کو بہترین طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔
پاکستان مسلم لیگ نون کے قائد اور سابق وزیراعظم محمد نوازشریف نے کوئٹہ دھماکے کی شدید مذمت کی ہے۔
نواز شریف کا کہنا ہے کہ اللہ تعالی نےمحنت کش کو اپنا دوست قرار دیا ہے، ناحق، بے گناہوں کا خون بہانے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں، متاثرہ خاندانوں کے غم میں پوری قوم ان کےساتھ کھڑی ہے۔
وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال نے بھی ہزار گنجی دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گرد کسی رعایت کے مستحق نہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ واقعے میں ملوث عناصر اور ان کے سرپرستوں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا، شدت پسند سوچ کے حامل افراد معاشرے کا ناسورہیں اور ان کا تدارک ناگزیر ہے۔
وزیراعلیٰ بلوچستان نے یہ بھی کہا کہ پرامن ماحول کو خراب کرنے کی سازش کو ناکام بنانا ہو گا۔
انہوں نے متعلقہ حکام کو زخمیوں کوعلاج کی بہترین سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت بھی کی۔
وزیر داخلہ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کوئٹہ میں ہونے والے دھماکے میں معصوم جانوں کے ضیاع کی شدید مذمت کی ہے۔
بلوچستان کے وزیر داخلہ میرضیاء لانگو نے اسپتال میں دھماکے کے مریضوں کی عیادت کی اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ ملک دشمن عناصر چھپ کر ہم پر وار کر رہے ہیں۔
پاکستان مسلم لیگ نون کی ترجمان مریم اورنگزیب نے بھی کوئٹہ دھماکے پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا ہے کہ عام، غریب اور محنت کشوں کو نشانہ بنانے والے انسان نہیں ہو سکتے۔
انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہید ہونے والوں کو اپنی جوار رحمت میں خاص جگہ عطا فرمائے اور زخمیوں کو جلد صحت یاب فرمائے۔