• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بلاول بھٹو کی تقریر پر مراد سعید کا ردعمل

وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نے کہا ہے کہ زرداری خاندان کے خلاف صحیح تحقیقات ہوں تو بلاول کو آکسفرڈ کی فیس بھی واپس کرنی پڑے گی۔

بلاول بھٹو زرداری کی گھوٹکی تقریر پر ردعمل میں مراد سعید نے کہا کہ چوری اور سینہ زوری دیکھنی ہو تو ان کو دیکھ لیں، پاکستان کے عوام کو غریب کر کے خود ارب پتی بن گئے۔

انہوں نے کہا کہ ان کے خلاف صحیح تحقیقات ہوں تو آکسفورڈ کی فیس بھی واپس کرنی پڑجائے گی۔

مراد سعید نے مزید کہا کہ بلاول بھٹو زرداری تعلیم آپ کا کچھ بگاڑتی تو آج کرپشن کے خلاف کھڑے ہوتے۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ 18 ویں ترمیم، عوام کے حقوق کا تحفظ اور کسان کی حالت پر ترس انہیں تب آتا ہے جب ان کی کرپشن پر ہاتھ پڑتا ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ آپ کے سو سوال، مگر قوم کا فقط ایک سوال ہے کہ لوٹی ہوئی دولت کب واپس کرو گے؟

انہوں نے کہا کہ اگر بلاول بھٹو زرداری،ذوالفقارعلی بھٹو کا سیاسی وارث بننا چاہتے ہیں تو کرپشن کے خلاف اعلان بغاوت کریں۔

مراد سعید نے مزید کہا کہ کرپشن کے خلاف کھڑے نہیں ہوسکتے تو نام کے ساتھ صرف زرداری لکھیں۔

تازہ ترین