• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

’نیب نے حکومت سے معاملات طے کرنے کا مشورہ دیا‘

مسلم لیگ ن کے رہنما اور اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز نے دعویٰ کیا کہ ڈی جی نیب لاہور نے انہیں حکومت سے معاملات طے کرنے کا مشورہ دیا۔

نیب کی جانب سے ن لیگ کے صدر شہباز شریف کی اہلیہ اور 2 بیٹیوں کو طلب کئے جانے پر حمزہ شہباز نے لاہور میں ہنگامی پریس کانفرنس کی۔


حمزہ شہباز نے کہا کہ ڈی جی نیب لاہور شہزاد سلیم نے ان سے کہا کہ پنجاب اسمبلی میں ان کی جعلی ڈگری سے متعلق قرار داد واپس لے لیں تو نیب کا نوٹس نہیں آئے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہی نہیں شہزاد سلیم نے انہیں حکومت کے ساتھ معاملات طے کرنے کا مشورہ بھی دیا تھا۔

حمزہ شہباز نے ڈی جی نیب لاہور کے حوالے سے یہ بھی کہا کہ انھیں شریف فیملی کو گرفتار کرنے کا شوق نہیں ہے۔

ن لیگی رہنما نے نیب کی کارروائیوں پر اعلیٰ عدلیہ سے نوٹس لینے کی اپیل کردی اور کہا کہ نیب نیازی گٹھ جوڑکے باعث ملک شدید معاشی بحران کا شکار ہے، لوگ نیب سے ڈرے ہوئے ہیں۔

حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ عوام مہنگائی کی آگ میں جھلس رہے ہیں اور عمران خان شریف خاندان کے بغض میں جل رہے ہیں جبکہ شیخ رشید شریف خاندان کی ڈیل کی باتیں کرکے اداروں کا مذاق اڑا رہے ہیں۔

تازہ ترین