مانچسٹر (علامہ عظیم جی) کوئٹہ میں دہشت گردی قابل مذمت ہے پوری قوم کو متحدہوکر پاکستان کے خلاف مذموم سازشوں کو ناکام بنانا چاہئے دہشت گردوں کی پشت پناہی کرنے والے ممالک کو اقوام متحدہ میں ثبوتوں کے ساتھ سامنے لانے کے لئے اقدامات کئے جائیں۔ پاکستان نے ہمیشہ دہشت گردی کا شکار رہا ہےجس میں ہزاروں بے گناہ لوگ شہید ہوچکے ہیں۔ حکومت کو کوئٹہ جیسے واقعات کی روک تھام کے لئے سخت اقدامات کرنے چاہئیں۔ ان خیالات کا اظہار نارتھ ویسٹ گریٹرمانچسٹر کے پاکستانی کمیونٹی رہنمائوں نے کوئٹہ کی دہشت گردی کی مذمت اور جاں بحق و زخمی ہونے والوں کے لواحقین سے اظہار تعزیت و افسوس کرتے ہوئے کیا۔ مانچسٹر کے معروف بزنس مین رہنما چوہدری طاہر صدیق نے کہا کہ یہ واقعہ نہایت افسوسناک ہے۔دہشت گرد پاکستان میں افراتفری پھیلانے کی مذموم کوششیں کررہے ہیں۔ انہوں نے دہشت گردوں کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا۔ سٹی جامع مسجد کے خطیب ختم نبوت یورپ کے سیکرٹری جنرل مفتی فیض الرحمٰن نے کوئٹہ کے سانحہ کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے اور کہا کہ اس سے قبل پاکستان کے معروف عالم دین سپریم کورٹ کے سابق جسٹس مفتی تقی عثمانی پر قاتلانہ حملہ کیا گیا تھادہشت گردی کےیہ تمام واقعات ملکی سلامتی کے خلاف سازشیں ہیں جن کا قلع قمع کرناضروری ہے۔ راچڈیل کے پاکستانی کشمیری کونسلرز برطانیہ کے چیئرمین کونسلر عاصم رشید نے کوئٹہ کے سانحہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے حکومت پاکستان سے دہشت گردوں کا مکمل صفایا کرنے کے لئے آہنی ہاتھ استعمال کرنے کا مطالبہ کیا انہوں نے مرنے والوں کی تعزیت اور لواحقین سے اظہار ہمدردی کیا۔پیس فار آل اور بلیک سٹون کے ڈائریکٹر مصطفیٰ کمال شیخ نے کہاکہ کوئٹہ میں دہشت گردی قانون نافذ کرنے والوں کے لئے چیلنج ہے انہوں نے کہا کہ واقعہ پاکستان کی سلامتی کے خلاف اور گوادر کی ترقی کو روکنے کی قابل مذمت کوشش ہے، پوری قوم کو دہشت گردی کے خلاف متحد ہونا چاہئے۔ سینئر سٹیزن پاکستانی کمیونٹی مانچسٹر کے صدر محمد صفدر بلوچ نے کوئٹہ میں دہشت گردی کو پاکستان کے خلاف منظم سازش قرار دیتے ہوئے ہزارہ کمیونٹی کے تحفظ کے لئے حکومت کو فول پروف انتظامات کرنے پر زور دیا انہوں نے کہا کہ انہوں نے اپنی جوانی تک عمرکوئٹہ میں گزاری ہے ہزارہ کمیونٹی پاکستان کی وفادار کمیونٹی ہےان کا قتل عام پاکستان دشمنوں کی بھونڈی اور انسانیت سوز سازش ہے جسے ناکام بنانا چاہئے۔ الحاج محمد عارف نے پاکستان میں دہشت گردی کے اس واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ کشمیری رہنما چوہدری اخلاق احمد نے کہا کہ کوئٹہ میں بزدلانہ کارروائی کے پیچھے بھارتی ہاتھ ہے وہ مسئلہ کشمیر میں اپنے بدترین مظالم سے بوکھلا کر پاکستان میں ایسی کارروائیاں کروا رہا ہے۔ جٹ ویلفیئر سوسائٹی انٹرنیشنل کے سرپرست اعلیٰ چوہدری نصر اللہ خان نے کہا کہ کوئٹہ میں کئی بار دہشت گردی ہوئی ہے اس کے تدارک کے لئے ایسے اقدامات کئے جائیںکہ آئندہ اس قسم کا واقعہ نہ ہو انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے واقعات قابل مذمت ہیں۔