ملتان(سٹاف رپورٹر)پیپلز پارٹی شعبہ خواتین کی سٹی صدر عابدہ حسین بخاری نے کہا ہے کہ شیخ رشید ذاتی مفادات کے لئے آج بھی کنٹینر کی زبان استعمال کرتے ہیں ۔قوم جان چکی ہے کہ وہ کتنے پانی میں ہیں جو ریلوے کو درست کرنے کی بجائے مزید خرابی کی طرف لے گئے ہیں جبکہ بلاول بھٹو زرداری ایک بڑی سیاسی پارٹی کے چیئرمین ہیں۔ قائد کے خلاف سیاسی دکانداری چمکانے کے لئے بیانات دے کر کارکنو ں کے جذبات مجروح نہ کریں ۔جیالے باہر نکل آئے تو شیخ رشید منہ چھپاتے نظر آئیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ شیخ رشید احمد جیسے خوشامدی وزراء نے پی ٹی آئی میں انتشار پیدا کردیا ہے جو گزشتہ 8ماہ کے دوران عوام کے مسائل حل کرنے کی بجائے اپنی ہی پارٹی کو اکٹھا کرنے میں لگے نظر آ رہے ہیں۔ دودھ کا دودھ پانی کا پانی ظا ہر ہوچکا ہے کہ موجودہ حکومت میں عوام کے مسائل حل کرنے کی کوئی اہلیت نہیں۔ صرف پیپلز پارٹی ہی واحد سیاسی جماعت ہے جو ملک وقوم کے مسائل کے حل کے لئے حقیقی معنوں میں اہلیت رکھتی ہے ۔