• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پشاور: دہشتگردوں کے زیر استعمال مکان دھماکے سے تباہ



پشاور کے علاقے حیات آباد میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن مکمل ہونے کے بعد بارودی مواد کو نارکاہ بنانے کے دوران دہشت گردوں کے زیر استعمال مکان دھماکے سے تباہ ہو گیا۔

یہ بارودی مواد دہشت گردوں کے زیر استعمال مکان میں موجود ایک موٹر سائیکل میں نصب کیا گیا تھا۔

بم ڈسپوزل اسکواڈ کی عمارت میں موجود ٹیم مکان سے ملنے والے مواد کو ناکارہ بنانے کی کوشش کر رہی تھی کہ یہ مواد دھماکے سے پھٹ گیا۔

حیات آباد پشاور میں پاک فوج اور پولیس کا دہشت گردوں کے خلاف مشترکہ آپریشن مکمل ہوگیا، کامیاب کارروائی میں مکان میں موجود 5 دہشت گرد ہلاک ہوئے،بارودی مواد ناکارہ بنانے کے دوران مکان بھی تباہ ہوگیا۔

اے آئی جی بم ڈسپوزل یونٹ کے مطابق مکان میں 50 سے 60 کلو گرام بارودی مواد نصب کیا گیا تھا، دہشت گرد سیکیورٹی فورسز اور ریسکیو اہلکاروں کو نشانہ بنانا چاہتے تھے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں کی پناہ گاہ پر آپریشن خفیہ اطلاعات پر کیا گیا۔

دہشت گردوں سے فائرنگ کے تبادلے میں پولیس کے اے ایس آئی قمرعالم شہید ہوئے جن کی نماز جنازہ ادا کردی گئی ہے، جبکہ کارروائی کے دوران ایک جوان اور افسر زخمی بھی ہوئے۔

اس سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خیبر پختون خوا کے وزیر اطلاعات شوکت یوسف زئی کا کہنا تھا کہ حیات آباد پشاور میں دہشت گردوں کے خلاف ہونے والا آپریشن مکمل کر لیا گیا ہے۔

شوکت یوسف زئی کا کہنا تھا کہ پشاور میں جاری آپریشن کے دوران 4 سے 6 افراد کو ریسکیو کیا گیا۔

یہ آپریشن گزشتہ رات جج اور ایڈیشنل آئی جی پر حملے کرنے والوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاع پر کیا گیا جس میں پولیس اور سیکیورٹی فورسز شریک تھے۔

سیکیورٹی اہلکار حیات آباد فیز سیون کے ایک مکان کے قریب پہنچے تو گھر سے فائرنگ شروع کر دی گئی، جس سے ایک پولیس اہلکار قمر عالم شہید ہو گئے جبکہ 3 اہلکار زخمی ہوئے۔

سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ مکان ایک ماہ پہلے ہی کرائے پر لیا گیا تھا، جس کا مالک ملک سے باہر ہے۔

کور کمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل شاہین مظہر محمود نے آپریشن کی جگہ کا دورہ کیا ، جہاں انہوں نے جوانوں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی تعریف کی اور آفیسرز کو ہدایت کی کہ آپریشن کی وجہ سے معمولاتِ زندگی متاثر نہیں ہونا چاہئیں۔

کور کمانڈر پشاور شاہین مظہر محمود نے مزید ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ علاقہ مکینوں نے آپریشن کے لیے مکمل تعاون کیا ہے، مکینوں کی حفاظت کے لیے آپریشن میں مکمل احتیاط برتی جائے۔

دوسری جانب پشاور کے علاقے حیات آباد کے ایک مکان میں موجود دہشت گردوں کے خلاف جاری آپریشن کے دوران شہید ہونے والے پولیس اہلکار قمر عالم کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی۔

شہید اہلکار کی نماز جنازہ میں وزیر اعلیٰ خیبر پختون خوا محمود خان، کور کمانڈر پشاور شاہین مظہر محمود اور آئی جی پولیس نے بھی شرکت کی۔

پشاور: دہشتگردوں کے زیر استعمال مکان دھماکے سے تباہ
حیات آباد آپریشن کے دوران شہید ہونے والے پولیس اہلکار قمر عالم کی نماز جنازہ کا منظر، بائیں جانب شہید کی یادگار تصویر ہے

شہید پولیس اہلکار قمر عالم کی نمازِ جنازہ ملک سعد پولیس لائنز میں ادا کی گئی۔



تازہ ترین