لاہور میں نشے کے عادی بھکاری نے بھیک مانگنے کےلیے قبر کھود کر نومولود کی میت چُرالی۔
پولیس کے مطابق بھکاری بچے کی لاش گود میں اُٹھا کربھیک مانگ رہا تھا، مقامی افراد کی اطلاع پرگرفتار کرلیا گیا۔
پولیس کے مطابق بادامی باغ کے رہائشی شجاع الرحمان کے ہاں سات سال بعد بیٹا پیدا ہوا تھا جو پیدائش کے فوری بعد انتقال کرگیا۔ اہل خانہ نے نومولود کو مقامی قبرستان میں دفنا دیا تھا۔
میت دفنانے کے تھوڑی ہی دیر بعد ملزم الیاس نے قبر کھود کر لاش نکال لی اور میت کے ساتھ بھیک مانگتا پکڑا گیا۔
مقامی افراد کی شکایت پر پولیس نے ملزم الیاس کے خلاف مقدمہ درج کرکے نومولود کی میت برآمد کرلی ہے۔
پولیس کے مطابق ملزم بھکاری ہے اس کے خلاف سخت قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔