• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیراعظم نے نیا پاکستان ہاؤسنگ اسکیم کا افتتاح کردیا

وزیراعظم عمران خان نے نیا پاکستان ہاؤسنگ اسکیم کا افتتاح کردیا۔ وزیر اعظم کا کہنا ہے کہ پورے ملک میں ہاؤسنگ اسکیم شروع کریں گے۔

اسلام آباد میں نیا پاکستان ہاؤسنگ پروگرام کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ہمارا وژن پاکستان کو فلاحی ریاست بنانا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کو اسلامی فلاحی ریاست بنانے کا عزم لے کر آیا ہوں، میرا وژن کلیئر ہے کہ مجھے کیا کرنا ہے، ہاؤسنگ منصوبے کا آغازشروعات ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ ہم پر تنقید کی جاتی ہے کہ ہمیں نہیں معلوم کہ حکومت کیسے چلائی جاتی ہے،حکومت میں آنے کے پہلے دن سے ہی میں کسی کنفیوژن کا شکار نہیں ہوں، پاکستان کو ایک فلاحی ریاست بنانے کا عزم لئے اقتدار میں آیا ہوں، ہم بہت کلیئر ہیں کہ ہمیں کیا کرنا ہے۔

عمران خان نے کہا کہ اس بات کی فکر نہ کریں کہ اس وقت ہمارے پاس پیسہ نہیں ہے یا ہم دیوالیہ ہونے والے ہیں، گزشتہ حکمران ملک کو مقروض اور دیوالیہ کر کے چلے گئے ہیں، اصلاحات کرنے میں ہمیشہ روکاوٹیں کھڑی کی جاتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پرانے نظام سے اربوں روپے بنانے والے ہمیں ناکام قرار دے رہے ہیں،ملک کا قرضہ 30ٹریلین پر پہنچانے والے کس منہ سے ہم پر تنقید کر رہے ہیں، اسٹیٹس کو کے حامی ہمارے راستے میں روکاوٹیں کھڑی کر رہے ہیں۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ نیا پاکستان ہاؤسنگ پروگرام میں سرمایہ کاری کے لئے لوگوں کی لائن لگی ہوئی ہے،اس پروگرام میں ہماری کوشش ہےکہ نوجوان زیادہ آگے آئیں، میرے لئے اس وقت زندگی کا سب سے بہترین وقت ہے، ہم عظیم قوم بنیں گے۔

ملک میں دس سال کے دوران تاریخی لوٹ مار ہوئی ہے، ماضی کی حکومتوں کی طرف سے لیے گئےقرضوں کاسودہماری حکومت 6 ارب روپےروزانہ ادا کررہی ہے۔

وزیراعظم کا کہنا ہے کہ ہماری حکومت کوسات سے 8 ماہ ہوئے اورکہا جارہا ہے کہ ناکام ہوگئے ہیں، پیپلزپارٹی اورن لیگ کس منہ سے شورمچارہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ تنخواہ دارطبقہ مشکلات سے گزرتاہے، پاکستان میں ایک کروڑ گھروں کی کمی ہے، پچاس لاکھ گھر بنانا ہمارا ٹارگٹ ہے، کراچی میں چالیس فیصد لوگ کچی آبادی میں رہتے ہیں، کچی آبادی کا آج تک کسی نے کچھ نہیں سوچا۔

تازہ ترین