گجرات،(نمائندہ جنگ،ایجنسیاں)وزیراعلیٰ پنجاب کےآبائی ضلع ڈیرہ غازی خان سمیت جہانیاں،فیصل آباد اورق لیگ کے گڑھ گجرات میں میونسپل کارپوریشن کے انتخابات میں مسلم لیگ ن کے حمایت یافتہ امیدواروں نے کامیابی حاصل کرلی ہے۔میونسپل کارپوریشن ڈیرہ میں ڈپٹی میئر،میونسپل کمیٹی جہانیاں کےچیئرمین،گجرات میں میئر اورجڑانوالہ میں چیئرمین طلال گروپ نےکامیابی حاصل کی۔غیرسرکاری نتائج کے مطابق میونسپل کارپوریشن گجرات کے مئیرکے انتخاب کے لئے میونسپل کارپوریشن میں ووٹنگ ہوئی، مسلم لیگ ن کے امیدوار طاہر مانڈا 11ووٹ حاصل کر کے کامیاب ہو گئے جبکہ مسلم لیگ ق اور تحریک انصاف کے مشترکہ امیدوار میاں پرویز اختر پگانوالہ 8ووٹ حاصل کر سکے،میونسپل کارپوریشن کے ووٹنگ کے عمل میں 12یونین کونسلوں کے مجموعی طور پر 21 میں سے 19ممبران نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا۔