• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیر خزانہ اسد عمر کے اپنا عہدہ چھوڑ دینے کے بعد مشیر خزانہ کے عہدے کے لیے جو فہرست سامنے آئی ہے ان میں عشرت حسین، حفیظ پاشا، سلمان شاہ کے نام ہیں۔

سابق وزیر خزانہ شوکت ترین کا نام بھی اس فہرست میں تھا تاہم انہوں نے مشیر خزانہ کے عہدے کے لیے معذرت کر لی۔

ذرائع کے مطابق مشیر خزانہ کے لیے سابق گورنر اسٹیٹ بینک عشرت حسین مضبوط امیدوار ہیں، وہ تاجر برادری کے لیے بھی قابل قبول ہیں۔

اس سے قبل یہ بات سامنےآئی ہے کہ وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر نے نہ صرف اپنی وزارت چھوڑنے کا فیصلہ کیا ہے بلکہ انہوں نے اپنی وزارت چھوڑ کر کوئی اور وزارت نہ لینے کا فیصلہ بھی کیا ہے۔

اس حوالے سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اسد عمر نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کی خواہش ہے کہ میں وزارت خزانہ چھوڑ کر توانائی کی وزارت لے لوں۔

انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم سے درخواست ہے میں کوئی عہدہ نہیں رکھنا چاہتا،میں نے اس حوالے سے وزیر اعظم عمران خان کو اعتماد میں لیا ہے کہ میں مزید کابینہ کا حصہ نہیں رہوں گا۔

اسد عمر نے سوشل میڈیا پر اپنے بیان میں مزید کہا ہے کہ میرا یقین ہے کہ عمران خان پاکستان کے لیے امید ہیں، ہم ان شاء اللہ نیا پاکستان بنائیں گے۔

وزیر خزانہ اسدعمر کا استعفیٰ تاحال قبول نہیں کیا گیا ہے،اسدعمر اب سے کچھ دیربعد اہم پریس کانفرنس کریں گے۔


تازہ ترین