راولپنڈی (ساجد چوہدری ، اپنے نامہ نگار سے ) راولپنڈی کینٹ کی وارڈ نمبر 7کے چمن آباد ایریاز میں نظرانداز کی جانے والی تقریباً چھ ہزار کی آبادی میں ڈینگی لاروا پھیلنےکا سنگین خدشہ ہے ، برف خانہ چوک سے چمن آباد جانے والی آبادی کے عقب میں واقع اس علاقہ میں غیرقانونی تعمیرات کا سلسلہ جاری ہے جہاں ٹینکیاں لاروے سے بھری پڑی ہیں ، اس بات کا انکشاف گزشتہ روز کینٹ بورڈ کے بعض ذمہ دار حکام نے اس علاقے کا دورہ کرنے کے بعد کیا اور نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ گزشتہ سال بھی اس چھ ہزار آبادی کے ایریاز کو نظر انداز کیا گیا اور یہاں پر انسداد ڈینگی کی ٹیمیں نہیں بھجوائی گئیں ، اس ایریاز کے مکین کبھی خود کو کینٹ بورڈ ایریاز کا اور کبھی پوٹھوہار ٹائون ایریاز کا باسی سمجھتے ہیں اور بغیر نقشہ منظوری کے غیرقانونی تعمیرات کا سلسلہ بڑھ رہا ہے۔ان حکام کا کہناتھا کہ اگر اس آبادی پر توجہ نہ دی گئی ہے تو صورتحال انتہائی سنگین ہو جائے گی ۔