• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اس ماہِ رمضان پنجاب میں پہلے سے زیادہ سبسڈی دینے کا فیصلہ

حکومت پنجاب نے رمضان میں پہلے سے زیادہ سبسڈی دینے کا فیصلہ کیا ہے، اس حوالے سے پنجاب کابینہ کےاجلاس میں 35 نکاتی ایجنڈے کی منظوری دے دی گئی ہے۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ رمضان میں گزشتہ سال کے 9 ارب کے مقابلے میں 12ارب سے زائد کی سبسڈی دی جائے گی۔

سبسڈی اور رمضان بازاروں سےمتعلق وزیر صنعت وتجارت کی سربراہی میں کمیٹی قائم کر دی گئی ہے۔

کابینہ اجلاس میں بینک آف پنجاب کا سربراہ مقرر کرنے کی منظوری بھی دی گئی، جس کے مطابق طالب رضوی بینک آف پنجاب کے نئے سربراہ ہوں گے۔

علاوہ ازیں طالب رضوی کو بینک آف پنجاب کا صدر مقرر کر دیا گیا جس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کیا گیا ہے۔

اس حوالے سے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پنجاب کے وزیر اطلاعات صمصام بخاری نے بتایا کہ پنجاب کابینہ نے نئے لوکل باڈیز ایکٹ 2019ء کی منظوری دے دی ہے،نیا لوکل باڈیز ایکٹ پنجاب اسمبلی کے اگلے اجلاس میں پیش کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ رمضان میں مہنگائی پر قابو پانے کے لیے اہم فیصلے لیے گئے ہیں، رمضان پیکیج پر ابھی مزید کام جاری ہے، ماہِ رمضان میں 300 سے زائد بچت بازار لگائے جائیں گے۔

صمصام بخاری نے مزید کہا کہ پنجاب کابینہ کا اجلاس اب ہر 15 روز بعد ہو گا، وزیر اعلیٰ کا حق ہے کہ وہ اپنی ٹیم میں تبدیلی کریں، لیکن فی الحال ایسی کوئی بات زیر غور نہیں۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ ملک کے اور صوبے کے چیف ایگزیکٹیو کا استحقاق ہے کہ وہ کسے اپنی ٹیم میں رکھیں اور کسے نہیں۔

تازہ ترین