• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سکھر، بارش کے بعد صفائی کی صورتحال خراب، گندگی اورسیوریج کا پانی جمع

سکھر(بیور ورپورٹ)سکھر شہر کے اکثریتی علاقوں میں بارش کے بعد صفائی کا نظام بحال نہیں کیا جا سکا، اکثریتی علاقے گندگی کی لپیٹ میں جبکہ متعدد علاقوں میں سیوریج کا پانی جمع ہے، واریتڑکے علاقے میں صفائی ستھرائی کی خراب صورتحال کے باعث علاقہ مکینوں نے محکمہ نساسک کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا، مظاہرے کی قیادت نصیر گوپانگ، نجیب اللہ انصاری سمیت دیگر نے کی، مظاہرین نے ہاتھوں میں بینر اور پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جن پر محکمہ نساسک کے خلاف نعرے درج تھے، مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ سکھر شہر میں آدھے گھنٹے کی بارش سے جل تھل ہو کر رہ گیا ہے بارش کے بعد بھی محکمہ نساسک تاحال صفائی کا نظام بحال کرنے میں مکمل طور پر ناکام ثابت ہوا ہے، واریتڑ روڈ سمیت اہم ترین گنجان آبادی والے علاقوں بندر روڈ، اسٹیشن روڈ، ڈھک روڈ، نشتر روڈ، جناح چوک، لیاقت چوک، اناج بازار، گھنٹہ گھر چوک، غریب آباد، مینارہ روڈاور شہر کے اکثریتی علاقوں میں گندگی کے ڈھیر، سیوریج کا پانی موجود رہتا ہے اور حیرت انگیز طور پر محکمہ نساسک کی جانب سے جو کوڑا دان شہر کے مختلف علاقوں میں رکھے گئے ہیں، ان کوڑا دانوں میں کئی کئی روز تک کچرا موجود رہنے اور کوڑا دان بھر جانے کے بعد کچرا سڑک پر پھیلنے کے باعث ٹریفک کا نظام متاثر ہونے کے ساتھ ساتھ گندگی سے اٹھنے والے تعفن سے علاقے کے لوگوں کو شدید مشکلات پیش آتی ہیں، بارش کے بعد شہر کے مختلف علاقوں میں گندگی کے ڈھیروں سے تعفن اٹھنے کے ساتھ ساتھ مچھروں اور مکھیوں کی افزائش میں بھی اضافہ ہورہا ہے عوامی حلقوں نےمطالبہ کیا ہے کہ محکمہ نساسک کی ناقص کارکردگی کا فوری طور پرنوٹس لیا جائے۔
تازہ ترین